
جبرالٹر کے پرچم بردار آئل پراڈکٹس ٹینکر ‘ہرکولیس اسٹار’کو چارٹر کرنے والی کمپنی ‘پیننسولا’ نے تصدیق کی ہے کہ دبئی کے ساحل پر لنگر انداز جہاز پر پیش آنے والے ایک حادثے میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہو گیا ہے۔
پیننسولا نے اپنے ایک بیان میں حادثے سے متعلق تفصیل یا عملے کے رکن کی موت کی وجہ بتائے بغیر کہا کہ عملے کا ایک رکن لاپتا بھی ہے اور ٹیم اسے تلاش کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ عملے کے دیگر تمام ارکان محفوظ ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ میری ٹائم سکیورٹی ذرائع کے ابتدائی جائزوں کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ جہاز کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہو۔
دوسری جانب برطانوی بحریہ سے وابستہ ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے اپنے علیحدہ بیان میں بتایا ہے کہ اسے متحدہ عرب امارات کے پورٹ راشد سے 24 ناٹیکل میل کے فاصلے پر لنگر انداز ایک جہاز کے ایک طرف جھکنے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے جو کسی نامعلوم پروجیکٹائل کے حملے کے بعد جہاز میں پانی بھرنے کی علامت ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ عراقی پورٹ حکام نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز عراقی سمندری حدود میں بھی تقریباً 20 لاکھ بیرل فیول آئل لے جانے والے ایک اور ٹینکر کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا ہے۔







