
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس میں بدعنوان عناصر کی چھانٹی کیلئے آئی جی پنجاب کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس دوران مریم نواز نے کرپشن کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بدنام پولیس افسروں کو ایس ایچ او نہ لگانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرپٹ پولیس آفیشل کے خلاف سخت رویہ اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بدعنوان عناصر کی چھانٹی کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
مریم نواز نے بچوں اور خواتین کے خلاف کرائم کے مکمل کنٹرول کیلئے پلان بھی طلب کیا جب کہ بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے بارے میں زیروٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں ڈولفن پولیس کا آپریشنل کنٹرول متعلقہ پولیس اسٹیشن سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ پنجاب پولیس کو باڈی کیم سے لیس کرنے کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعات پر سخت کارروائی کا حکم دیا جب کہ قیدی کی وین میں جی پی ایس اورکیمرے نصب کرنے کی منظوری بھی دی۔
وزیراعلیٰ نے نقب زنی کے واقعات میں کمی کیلئے بھرپور کارروائی کرنے اور شیخوپورہ میں جرائم کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن کلین اپ کی ہدایت کی۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئےبتایا کہ ڈکیتی کیسز میں54 فیصد، قتل 35 کیسز میں فیصد،کار ڈکیتی کیسز میں 46 فیصد اور بائیک چوری کیسز میں53 فیصدکمی آئی۔







