تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

ایران: آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر عام تعطیل اور یومِ سوگ کا اعلان

ایرانی حکومت نے سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ایران بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق 8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایران کے شہید رہنما سپریم لیڈر علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ابتدائی امریکی حملے میں شہید ہوئے تھے۔

ترجمان ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ تہران میں تعطیل کا مقصد سوگواروں کی تہران سے واپسی کو آسان بنانا ہے۔

گزشتہ روز کمیٹی کے سیکریٹری علی اکبر پور جمشیدیان نے الوادعی تقریبات کے پروگرام کا اعلان کیا تھا

علی اکبر پور جمشیدیان کا کہنا تھا کہ 3 جولائی کو دنیا کے مختلف ملکوں کے سربراہان، عہدیداران اور دانشور حضرات شہید رہبر کے جسد پاک کو خراج عقیدت و احترام پیش کریں گے۔ ہفتہ 4 جولائی سے عوامی رسومات کا آغاز ہو گا۔

شہید رہبر کے آخری دیدار کے لیے امام خمینی کے مصلے کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے۔ 5 جولائی کو تہران میں امام خمینی کے مصلے میں شہید رہبر اور ان کےساتھ شہید ہونے والے اہل خانہ کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

علی اکبر پور جمشیدیان کا کہنا تھا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق شہید رہبر کا جسد پاک 8 جولائی کو عراق لے جایا جائے گا جہاں نجف اشرف اور کربلائے معلی میں تشیع جنازہ انجام پائے گی۔

شہید ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے اہل خانہ کی تدفین 9 جولائی کو مشہد میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف جولائی کے پہلے ہفتے میں ایران کا دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف آیت اللّٰہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے

جواب دیں

Back to top button