تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کا پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک استقبال

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر ناشتے کی تقریب میں اُن کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان و آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے امن و استحکام، حکومتوں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ میں پرنس رحیم آغا خان پنجم کے عزم کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

اُنہوں نے دیہی ترقی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے بالخصوص گلگت بلتستان اور چترال کے دوردراز پسماندہ علاقوں میں نیٹ ورک کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان میں، خصوصاً شمالی علاقوں میں، شراکت داری مزید بڑھانے کی ترغیب دی۔

وزیرِ اعظم نے آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے صحت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں اس کی نمایاں خدمات کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور گلیشیئرز سے متاثرہ شمالی علاقوں میں ماحولیاتی استحکام کے فروغ کے لیے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک پاکستان کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔

شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا دورۂ پاکستان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اُن کا دوسرا گھر رہے گا اور اُن کے باقاعدہ دوروں سے پاکستان اور اسماعیلی برادری کے دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات کے لیے نجی ہوٹل بلامعاوضہ فراہم کرنے پر پرنس رحیم آغا خان پنجم کی معاونت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر اُنہوں نے مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اُن کی 7 دہائیوں پر محیط وابستگی اور انسانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں وزیرِاعظم نے مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان پوسٹ کا یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا

جواب دیں

Back to top button