
ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی ممکنہ ہڑتال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں نے عوام میں تشویش پیدا کر دی ہے، جہاں یہ افواہیں زیرِ بحث ہیں کہ یکم مئی سے 5 مئی تک پیٹرول پمپس بند رہیں گے اور ایندھن کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔
تاہم آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ان خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ وائس چیئرمین نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ہڑتال کی تمام خبریں بے بنیاد ہیں اور ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو بلا تعطل پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رہے گی اور ایسوسی ایشن کا کسی بھی ہڑتال سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ مالکان ہڑتال کی حمایت نہیں کرتے، لہٰذا عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔







