
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے ممکنہ حملوں کے ردعمل میں دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہ آبنائے ہرمز کو کئی ہفتوں تک عملی طور پر بند رکھا تھا، جس سے عالمی منڈی میں شدید تشویش پیدا ہوئی تھی۔
دوسری جانب امریکہ نے رواں ہفتے کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ وہ آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی شروع کرے گا، تاہم ایران کے حالیہ اعلان پر تاحال امریکی حکام کی جانب سے کوئی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی 22 اپریل کو ختم ہونے والی ہے، جس کے باعث خطے کی صورتحال بدستور غیر یقینی کا شکار ہے۔







