موت سب کو مارتی ہے

موت سب کو مارتی ہے
تحریر : تجمل حسین ہاشمی
خیبر پختونخوا کے حالات کے حوالے سے پڑھتے ہوئے دل بڑا اداس ہوا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صرف اپنے شہری نہیں کھوئے بلکہ اپنی سیاسی قیادت، خاندان اور آنے والی نسلوں کے خواب بھی قربان کیے ہیں۔ تاریخ میں پیپلز پارٹی کی قیادت اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے ملکی سلامتی اور جمہوری نظریے کی قیمت اپنی شہادت کی صورت میں ادا کی ہے۔ اس نظریے پر عام شہریوں نے بھی ظلم برداشت کیا اور دہشت گردی کا شکار ہوئے۔
عوامی نیشنل پارٹی دہشت گردی کے خلاف مزاحمت کی ایک کھلی داستان ہے، جس نے دہشت گردی، انتہا پسندی، تشدد اور خوف کے ماحول میں جمہوریت کی بحالی اور طالبان کے نظریات پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کیا۔ اسفندیار ولی خان کی قیادت میں اے این پی نے دہشت گردی کے خلاف واضح ریاستی موقف اختیار کیا۔ میں اس موقف کو سیاسی نہیں بلکہ ریاستی کہوں گا۔ طالبان کی انتہا پسندانہ سوچ اور ریاست کے اندر متوازی طاقت قائم کرنے کی کوششوں کی مخالفت نے اس جماعت کو دہشت گردوں کے نشانے پر لا کھڑا کیا۔ جب ملا فضل اللہ نے اسفندیار ولی کو پیغام دیا کہ ہماری تم سے کوئی لڑائی نہیں، ہماری لڑائی پنجاب سے ہے، ہمیں راستہ دو، تو اسفندیار ولی نے صاف انکار کر دیا۔ یہ دشمنی محض انکار یا اختلاف نہیں تھی بلکہ ایک ایسے نظریے کے خلاف مزاحمت تھی جو بندوق کے ذریعے معاشرے پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتا تھا۔
میں حقیقت گوئی کروں تو سیاسی جماعتوں نے بھرپور مفادات سمیٹے ہیں، لیکن عوامی نیشنل پارٹی سے متعلق آج تک حکمران جماعتوں نے کچھ نہیں سوچا۔ حقیقت میں ریاست کی محافظ عوامی نیشنل پارٹی رہی، جس کی قیادت اور کارکن دہشت گردی کا شکار ہوئے۔ مجھے حیرانگی ہوتی ہے ان سیاسی جماعتوں پر کہ آج تک انہوں نے اپنی اتحادی جماعت کے لیے کوئی سافٹ کارنر نہیں رکھا، جب کہ فارم 47پر لوگ جیت سکتے ہیں تو عوامی نیشنل پارٹی کے لوگوں کو بھی صلہ دیا جاتا۔ پورا صوبہ ایک جماعت کے ہاتھ میں دے دیا گیا، باقی سیاسی جماعتوں نے مزے کیے ہیں اور اپنے اپنے صوبوں پر بادشاہت کر رہے ہیں۔ حقیقی قربانیاں تو عوامی نیشنل پارٹی اور وہاں کی عوام نے دی ہیں۔بیرونی قوتوں اور طالبان سے مزاحمت کی قیمت بشیر احمد بلور نے اپنی جان دے کر ادا کی تھی۔ 22دسمبر 2012ء کو پشاور کے قصہ خوانی بازار کے قریب خودکش حملے میں سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور شہید ہوئے۔ وہ کبھی بھی دہشت گردی کے خوف سے عوام کے درمیان جانا نہیں چھوڑا۔ ان کا بیٹا ہارون بلور بھی اسی راستے پر چلتے ہوئے 10جولائی 2018ء کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے کا نشانہ بنا۔ ایک ہی خاندان نے دو سیاسی نسلوں کی قربانی دی۔ جس باپ نے عوامی سیاست کے لیے جان دی، اس کے بیٹے کو بھی انتخابی میدان میں اپنی زندگی کیوں قربان کرنا پڑی؟ میدان چھوڑ کر نہیں گئے، ریاست کے ساتھ کھڑے رہے، مال نہیں کمایا۔
یہ داستان صرف بلور خاندان تک محدود نہیں ہے۔ میاں افتخار حسین کے اکلوتے بیٹے میاں راشد حسین کو جولائی 2010ء میں نوشہرہ کے علاقے پبی میں قتل کر دیا گیا۔ ایک باپ کے لیے اس سے بڑا صدمہ کیا ہوگا کہ جس بیٹے کو اس نے زندگی بھر اپنی آنکھوں کے سامنے پروان چڑھایا، وہ دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ جائے۔ اس کے باوجود میاں افتخار حسین نے ریاستی سوچ اور جمہوری جدوجہد کا راستہ نہیں چھوڑا۔ یہ محض سیاسی استقامت نہیں بلکہ محب الوطنی ہے۔ ایک ایسے باپ کا حوصلہ بھی ہے جس نے اپنے ذاتی غم کو ملکی امن کی جدوجہد پر غالب نہیں آنے دیا۔اے این پی کے دیگر رہنماں میں عالم زیب خان، ڈاکٹر شمشیر علی خان، میاں مشتاق احمد اور انوار الحق سمیت متعدد شخصیات بھی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنیں۔ ان ناموں کے پیچھے صرف سیاسی عہدے نہیں بلکہ پوری قوم کا امن اور محب الوطنی تھی۔
بی بی سی اردو کی 2013ء کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران اے این پی کے 700سے زیادہ کارکن دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہوئے۔ یہ تعداد کسی سیاسی جماعت کی انتخابی شکست یا پارلیمانی نقصان کا اعدادوشمار نہیں بلکہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک ایسا المیہ ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جانا چاہیے۔اس دور میں پورا صوبہ خوف کے سائے میں زندگی گزار رہا تھا۔
سماجی و سیاسی اجتماعات، انتخابی جلسے اور عوامی سرگرمیاں دہشت گردی کے خطرے میں گھری ہوئی تھیں۔ سینئر صحافی حامد میر کی طرف سے امن مارچ کی تجویز پر مختلف صحافیوں اور سیاسی شخصیات نے نہ صرف لبیک کہا بلکہ بھرپور شرکت بھی کی۔ اس وقت معاشرے کے اندر خوف کے خلاف اجتماعی آواز اور لوگوں کا حوصلہ بڑھانے کی ضرورت تھی۔ پشاور میں امن مارچ نکالا گیا۔ بشیر احمد بلور، ہارون بلور، میاں افتخار، اقبال جگڑا، مولانا کفایت اللہ اور دیگر سیاسی رہنمائوں کی امن مارچ میں موجودگی اس عزم کا اظہار تھی کہ دہشت گردی اور بم دھماکوں کے ذریعے لوگوں کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔
بشیر احمد بلور سے منسوب یہ الفاظ کہ دہشت گرد ہم سے آزادی چھیننا چاہتے ہیں، لیکن ہم مسکرانا بند نہیں کریں گے، دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ دہشت گردوں کا اصل ہدف صرف انسانی جانیں لینا نہیں ہوتا، وہ معاشرے سے اعتماد، خوشی، اختلاف رائے اور زندگی کی سرگرمیاں بھی چھیننا چاہتے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی اور کے پی کے عوام نے خوف کے باوجود اپنے گھروں سے نکل کر اپنے جمہوری ووٹ ڈالے اور اپنے نمائندے منتخب کرنے کے لیے میدان میں آتے رہے تو یہ دراصل خوف کی سیاست کے خلاف ایک اعلان ہوتا ہے۔
خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان بھی دہشت گردی کا شکار ہے۔ میر سراج رئیسانی کے خاندان نے بھی اس جنگ میں ناقابل تلافی نقصان اٹھایا۔ ان کے صاحبزادے میر حقمل رئیسانی دہشت گردی میں شہید ہوئے۔ اس کے بعد 13جولائی 2018ء کو بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے درین گڑھ میں انتخابی جلسے کے دوران اس وقت خودکش حملہ ہوا جب میر سراج رئیسانی نے بسم اللہ ہی پڑھی تھی۔ خودکش حملے نے 149افراد کی جان لے لی جبکہ 186افراد زخمی ہوئے۔ اس وقت وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابی امیدوار تھے۔
دہشت گردی کا شکار ہونے والے خاندانوں کا غم کسی ایک جماعت، صوبے یا سیاسی نظریے تک محدود نہیں ہے۔ ہرگز ایسا نہیں۔ ایک ماں کا بیٹا چاہے اے این پی سے تعلق رکھتا ہو، بلوچستان عوامی پارٹی سے یا کسی دوسری جماعت سے، اس کی جدائی کا درد ایک جیسا ہوتا ہے۔ ایک باپ کے لیے اپنے بیٹے کی موت کا صدمہ کسی سیاسی وابستگی کا محتاج نہیں۔ موت سب کو مارتی ہے، لیکن کچھ قربانیاں قوم کے اجتماعی ضمیر پر سوال چھوڑ جاتی ہیں۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی رپورٹس اور دہشت گردی سے متعلق دیگر اعدادوشمار بھی اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ سیاسی کارکنوں اور انتخابی سرگرمیوں کو مسلسل نشانہ بنایا گیا۔ 2013ء کے انتخابات سے پہلے اے این پی کو خاص طور پر دہشت گردی کے خطرات کا سامنا تھا۔ اس جماعت کے جلسوں، انتخابی سرگرمیوں اور کارکنوں پر حملے محض سیاسی جماعت کو کمزور کرنے کی کوشش نہیں تھے بلکہ عوام کے جمہوری حق کو خوف کے ذریعے کمزور کرنے کی کوشش بھی تھے۔ ایسی کوششیں ناکام رہتی ہیں۔
دہشت گردی کے دور میں اے این پی ایک بڑے امتحان سے گزری ہے۔ سیاسی اختلاف اپنی جگہ کسی جماعت کی پالیسیوں سے اختلاف بھی جمہوریت کا حصہ ہے لیکن دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہونے والوں کی قربانیوں کو سیاسی تعصب کی نذر نہیں کیا جانا چاہے ۔ انہیں اکیلا نہیں چھوڑا جانا چاہے ۔ ہماری ہاں قربانیوں کا اعتراف بھی اکثر جھوٹے سیاسی بیانیوں کی نذر کر دیا جاتا ہے۔ یہ رویہ ہماری اجتماعی سوچ کی کمزوری ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جان دینے والے تمام شہری سیاسی کارکن، صحافی پولیس اہلکار اور سکیورٹی فورسز کے جوان برابر کے احترام کے مستحق ہونی چاہئیں ۔
آج جب ہم سیاسی جماعتوں کے بیانیوں اقتدار پر قبضے اداروں سے اختلاف اور سیاسی مفادات کی بات کرتے ہیں تو ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ قوم نے اپنے پیاروں کی قبروں پر کھڑے ہو کر بھی پاکستان کے مستقبل سے امید نہیں چھوڑی ۔ ان کے دکھوں کو سیاسی نعروں جھوٹے بیانیوں اور متنازع انتخابات میں محدود کرنا ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
اے این پی کی قربانیوں کا اعتراف پاکستان کی جمہوری تاریخ کے ایک اہم باب کو تسلیم کرنا چاہیے۔ اسی طرح میر سراج رئیسانی اور بلوچستان کے دیگر شہدا کو یاد کرنا بھی قومی ذمہ داری ہے ۔ جماعت کی سیاسی کارکردگی پر سوال اٹھایا جا سکتا ہے اس کی پالیسیوں پر تنقید بھی ہو سکتی ہے لیکن دہشت گردی کے خلاف اس کے کارکنوں اور عام شہریوں کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انتخابی فارموں میں ردوبدل نہیں ہونا چاہیے۔
دہشت گردی کے واقعات پر مذمتی بیانات جاری کرنا ذمہ داری نہیں بلکہ ایسے حالات پیدا کرنا چاہیے جہاں امن و سکون ہو۔ موت سب کو مارتی ہے، مگر تاریخ ہر مرنے والے کو ایک جیسا مقام نہیں دیتی۔ کچھ لوگ اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنے نظریے، حوصلے اور قربانی کی ایسی داستان چھوڑ جاتے ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے سوال بھی ہوتی ہے اور سبق بھی۔ بشیر احمد بلور، ہارون بلور، میاں راشد حسین، میر سراج رئیسانی اور دہشت گردی کے تمام بے گناہ شہدا کو سلام۔ ان کی قربانیاں کسی ایک جماعت کی ملکیت نہیں، پاکستان کی قومی تاریخ کا سرمایہ ہیں۔
تجمل حسین ہاشمی







