
دیوالی کا دھواں اور بدخبری کا طوفان
تحریر: سی ایم رضوان
سوشل میڈیا پر تنقید برائے تنقید اور حقائق سے چشم پوشی صرف وقتی تکرار کی لذت یا بحث کے عارضی نتائج تک محدود نہیں رہتے، بلکہ ایسا رویہ معاشرے کی فکری، اخلاقی اور قومی ساخت کو سخت نقصان پہنچاتا ہے۔ یعنی جب تنقید کا مقصد اصلاح کی بجائے صرف دوسرے کو زک پہنچانا یا نیچا دکھانا ہو، تو معاشرے میں مثبت، تعمیری اور علمی بحث کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ حقائق سے آنکھیں چرانے اور محض وائرل مواد کی پیروی کرنے سے عوام سچے اور جھوٹے کے درمیان فرق کرنے کی صلاحیت کھو دیتے ہیں۔ یہ یکطرفہ رجحان عوام کو مختلف متصادم گروہوں میں تقسیم کر دیتا ہے۔ لوگ اپنے پسندیدہ بیانیے کے حق میں اندھی تقلید کرتے ہیں اور دوسرے فریق کے درست حقائق کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ رشتہ داروں، دوستوں اور ہم وطنوں کے درمیان زہریلا پن اور دوری بڑھتی ہے، جس سے باہمی احترام اور جذبہ وطنیت ختم ہو جاتا ہے۔ اس لعنت کے بڑھ جانے کی وجہ یہ ہے کہ الگورتھم کی دنیا میں سنسنی خیز اور منفی مواد جلد وائرل ہوتا ہے۔ ظاہر ہے کہ جب حقائق کی پرکھ کیے بغیر تنقید کی جائے تو افواہیں سچ کا روپ دھار لیتی ہیں۔ ایسی صورت حال کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ سچے، محقق اور سنجیدہ افراد سوشل میڈیا کی منفی فضا سے تنگ آ کر خاموشی اختیار کر لیتے ہیں، جبکہ غوغا آرائی کرنے والے چھا جاتے ہیں۔ قومی یا انتظامی مسائل یوں پیدا ہوتے ہیں کہ معیشت، صحت یا دیگر شعبوں کی پالیسیاں متاثر ہوتی ہیں کیونکہ ان پر بغیر سائنسی و قانونی حقائق کے مسلسل تنقید کرنے سے عوام کا ریاستی اور سماجی اداروں سے اعتماد اٹھ جاتا ہے۔ یعنی جب جعلی یا غیر اہم تنازعات کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، تو حقیقی قومی بحران پسِ پشت چلے جاتے ہیں۔ بلا ضرورت ہر وقت کی منفی تنقید اور بیزاری سے قوم میں ناامیدی، بالخصوص نوجوان نسل میں اپنے ملک یا مستقبل کے بارے میں منفی سوچ پروان چڑھتی ہے۔ گالی گلوچ، تذلیل اور کردار کشی کو سوشل میڈیا پر ایک نارمل عمل سمجھا جانے لگتا ہے، جو اخلاقیات کا جنازہ نکال دیتا ہے۔
اس صورتحال کا حل یہ ہے کہ کسی بھی خبر یا دعوے پر تنقید یا تبصرہ کرنے سے پہلے اس کے بنیادی ذرائع اور حقائق کی تصدیق کی عادت ڈالی جائے۔ تنقید ہمیشہ دلائل، احترام اور مسئلے کے حل کی تجویز کے ساتھ کی جائے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ ہر شخص ذاتی طور پر یہ سمجھے کہ ہماری ہر پوسٹ، شیئر اور لائک فضا میں زہر یا مثبت سوچ پھیلانے میں اپنا موثر کردار ادا کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا بدخبری کے حوالے سے ایک تازہ مثال ملاحظہ فرمائیں کہ آج کل سوشل میڈیا پر امریکی ریاست مشی گن سے سینیٹ کا انتخاب جیتنے والے پہلے مسلمان سینیٹر عبدل السید (Abdul El-Sayed)اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق کئی جعلی دعوے اور ’’ بلنڈرز‘‘ گردش کر رہے ہیں۔ ان جھوٹے دعوئوں میں سے ایک یہ ہے کہ’’ عبد الرحمان السید نے سینیٹ میں عمران خان کی رہائی کی قراداد منظور کروا لی’‘‘۔ حقیقت میں یہ دعویٰ مکمل طور پر من گھڑت ہے کہ امریکی سینیٹ کا کوئی باضابطہ سیشن یا قرار داد منظور نہیں ہوئی جس میں عمران خان کی رہائی یا پاکستان سے متعلق کوئی قانونی قدم اٹھایا گیا ہو۔ دوسرا جھوٹا دعویٰ یہ کیا گیا ہے کہ ’’ عبد الرحمان السید امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان بن گئے ‘‘، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عبد الرحمان السید ڈیموکریٹک پارٹی سے سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔ امریکی سینیٹ کے اراکین قانون ساز ہوتے ہیں، وہ انتظامیہ کے ’’ خصوصی نمائندے ‘‘ یا سفیر کے طور پر کام نہیں کرتے۔ تیسرا دعویٰ یہ کہ ’’ امریکہ نے پاکستان کی امداد فوراً بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا‘‘۔ حقیقت یہ ہے کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کی امداد کی فوری بندش کا کوئی سرکاری حکم جاری نہیں ہوا۔ اس ضمن میں اصل واقعہ یہ ہے کہ اگست 2026ء میں اپنی انتخابی مہم کے دوران ( ڈیٹرائٹ میں یومِ آزادی کی ایک تقریب میں) السید موصوف نے پاکستان میں جمہوریت، انسانی حقوق اور عمران خان کی قید پر تنقیدی کلمات کہے تھے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکی امداد کو مشروط کرنے کی بات کی تھی۔ اس ضمن میں بلنڈر یہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر ان کی انتخابی مہم کی اس پرانی تقریر کے کلپس کو یہ کہہ کر پیش کیا جا رہا ہے کہ جیسے سنیٹر بننے کے بعد امریکی سینیٹ نے عمران خان کے حق میں باضابطہ فیصلہ سنا دیا ہے۔ کسی سینیٹر کے ذاتی مقف کو پورے امریکی ایوان کا موقف ظاہر کرنا دروغ گوئی سے کم نہیں کہ ایک سینیٹر کا انفرادی بیان یا سوچ امریکی حکومت، انتظامیہ یا ایوان بالا ( سینیٹ) کی پالیسی نہیں ہوتی۔ افسوس کہ مختلف فیس بک پیجز اور ایکس ( ٹویٹر) ہینڈلز پر السید کی تصاویر کے ساتھ جعلی اقتباسات بنا کر لگائے جا رہے ہیں جن کا انہوں نے کبھی ذکر بھی نہیں کیا۔ یہ ایک خوفناک ٹرینڈ ہے جس کا خاتمہ ازحد ضروری ہے۔
اسی طرح سوشل میڈیا پر بھارت میں اکثریتی طور پر منائی جانے والی دیوالی کے دھوئیں کو لاہور میں آج کل سموگ بڑھنے کا پہلے سوشل میڈیا پر اور پھر حکومت پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی جانب سے سبب قرار دے دیا گیا جبکہ دیوالی پر آتش بازی کے دھوئیں کے پاکستان میں داخل ہونے کے دعوئوں سے پہلے یہ امر مدنظر رکھا جائے کہ مشرقی ہوائوں کے چلنے سے سرحدی علاقوں کا دھواں 24سے 36گھنٹے میں لاہور پہنچ سکتا ہے۔ تاہم، ہوا کے پہنچنے سے پہلے ہی لاہور اور پنجاب میں ہوا کا معیار ’’ خطرناک‘‘ (200 سے 400+اے کیو آئی) کی سطح پر موجود تھا۔ البتہ یہ ضرور ہے کہ بین الاقوامی یا سرحدی دھواں پہلے سے موجود مقامی آلودگی میں وقتی طور پر مزید شدت پیدا کر سکتا ہے لیکن اس کو لاہور کے سموگ کی تنہا یا اصل وجہ قرار دینا علمی اور سائنسی طور پر درست نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ مقامی آلودگی اس بنیادی بحران کو جنم دیتی ہے، جبکہ سرحدی دھواں اس میں اضافی شدت کا باعث بنتا ہے کیونکہ سموگ دراصل فضا میں معلق باریک ذرات (2.5پی ایم)، نائٹروجن آکسائیڈز اور دیگر گیسوں کا سورج کی روشنی اور نمی کے ساتھ کیمیائی تعامل ہے جبکہ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سموگ کا سب سے بڑا ذریعہ ( قریباً 40%سے 450%) ناقص فیول اور غیر معیاری ڈیزل سے چلنے والی گاڑیاں اور ٹو اسٹروک انجن ہیں۔ اس کے علاوہ صنعتی علاقوں، ٹیکسٹائل یونٹس اور اسٹیل ملز میں بغیر فلٹر کے سستا ایندھن، ربڑ اور پلاسٹک جلانا بھی سموگ کا باعث ہے اسی طرح روایتی اینٹوں کے بھٹے۔ جن میں ابھی تک زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹے شامل ہیں ان آلودہ ذرات کا بڑا ذریعہ ہیں۔ اس کے علاوہ دیہی اضلاع میں کٹائی کے بعد پرالی جلانا اور شہری علاقوں میں کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک کو کھلے عام آگ لگانا پاکستانی اور بھارتی پیدا کردہ وجوہات ہیں جبکہ بین الاقوامی اور جغرافیائی وجوہات میں ہندو گنگا کا میدان ہے۔ تفصیل اس کی یہ ہے کہ لاہور اور مشرقی پنجاب ایک قدرتی جغرافیائی پیالے میں واقع ہیں۔ نومبر اور دسمبر میں ہوا کا دبا نیچے آتا ہے جس کے باعث دھواں اور آلودگی اوپر فضا میں تحلیل ہونے کے بجائے زمین کے قریب جم جاتی ہے۔ اس پر مستزاد یہ کہ بھارتی ریاستوں ( پنجاب، ہریانہ) اور نئی دہلی کے علاقوں سے چلنے والی مشرقی ہوائیں فصلوں کی کٹائی کی آگ اور تہواروں کا دھواں پاکستان منتقل کرتی ہیں۔ جہاں تک سکردو اور شمالی علاقوں میں آلودگی، سموگ بڑھ جانے کا تعلق ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ سکردو اور ہنزہ جیسی وادیوں میں سردیوں کے دوران ٹھنڈی ہوا نیچے بیٹھ جاتی ہے اور گرم ہوا اس پر چھت کا کام کرتی ہے، جس سے مقامی دھواں وادی سے باہر نہیں نکل پاتا۔ یہ بھی کہ سردی کی شدت کے باعث گھروں میں جگہ گرم رکھنے اور کھانا پکانے کے لئے بھاری مقدار میں لکڑی، کوئلہ اور مٹی کا تیل جلایا جاتا ہے۔ ان وادیوں میں غیر معیاری ڈیزل والی پرانی تجارتی و سیاحتی گاڑیاں بھی پہاڑی علاقوں کی صاف ہوا کو شدید آلودہ کر رہی ہیں۔ پہاڑوں کا کٹا اور تعمیرات کے لئے غیر منقطع تعمیراتی دھول اور وادیوں میں کوڑا جلانے کا عمل بھی سموگ میں اضافے کا باعث ہی۔
سموگ پر غیر منطقی سوشل میڈیائی ٹرینڈز بنانے کی بجائے اس کی روک تھام، اس سے بچائو کے لئے مختلف شہری و قومی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے فوری طور پر اینٹوں کے روایتی بھٹوں، کوڑا جلانے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر سخت سزائیں اور بھاری جرمانے کئے جائیں۔ خطرناک اے کیو آئی والے ایام میں سکولوں کی آن لائن کلاسز، دفاتر میں ورک فرام ہوم کا نفاذ اور شہریوں کے لئے ماسک پہننے کی ایڈوائزری جاری کی جانے۔ تمام اینٹوں کے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر لازمی منتقلی اور فیکٹریوں میں اینوائرنمنٹل فلٹرز کی تنصیب کی جائے۔ یورو فائیو اور یورو سکس معیار کا ایندھن متعارف کروایا جائے اور پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک ای ویز پر شفٹ کیا جائے۔ کسانوں کو پرالی جلانے کے بجائے مٹی میں دبانے والی جدید مشینیں سبسڈی پر فراہم کی جائیں۔ ایک مشترکہ مصیبت سے چھٹکارا کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان’’ ریجنل ایئر کوالٹی مینجمنٹ فریم ورک‘‘ کا قیام بھی لازمی ہے، جس کے تحت سرحدی علاقوں میں پرالی جلانے پر کنٹرول، سیٹلائٹ ڈیٹا کی مشترکہ مانیٹرنگ اور موسمیاتی خطرات پر مل کر کام کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ اس سموگ سے یہ کہہ کر کنارہ نہیں کیا جا سکتا کہ یہ بھارت کی فصلوں کے جلنے سے یا دیوالی کی آتشبازی کے دھوئیں سے پیدا ہو رہی ہے۔







