حکومت کا عوام دوست فیصلہ

اداریہ۔۔۔۔
حکومت کا عوام دوست فیصلہ
معاشی مشکلات کے دور میں حکومت کا سب سے بڑا امتحان یہی ہوتا ہے کہ وہ اپنے فیصلوں میں عام آدمی کو کس قدر ترجیح دیتی ہے۔ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات جب پاکستان جیسے ملک میں منتقل ہوتے ہیں تو ان کا دائرہ صرف گاڑی کے ٹینک تک محدود نہیں رہتا بلکہ روزمرہ زندگی کے قریباً ہر شعبے کو متاثر کرتا ہے۔ ایسے وقت میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کم آمدنی والے شہریوں کے لیے خصوصی پٹرول ریلیف سکیم کا اعلان ایک بروقت، عوام دوست اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ موجودہ مشکل صورت حال میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اسی جذبے کے تحت پٹرول پر فی لٹر 100روپے تک ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے ماہانہ 20لٹر تک پٹرول پر فی لٹر 100روپے ریلیف دیا جائے گا جبکہ 800سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے شہریوں کو ماہانہ 30لٹر تک پٹرول پر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اس طرح مستحق شہریوں کو ماہانہ دو ہزار روپے تک براہِ راست سہارا مل سکے گا۔ یہ اعلان اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ حکومت نے ریلیف کا رخ اُن طبقات کی طرف کیا ہے جن کی آمدن محدود ہے مگر سفر ان کی زندگی کی ناگزیر ضرورت ہے۔ پاکستان میں موٹر سائیکل متوسط اور کم آمدن والے طبقے کی سب سے عام سواری ہے۔ لاکھوں افراد اسی ذریعے سے اپنے دفاتر، کاروبار، دکانوں، فیکٹریوں اور تعلیمی اداروں تک پہنچتے ہیں۔ رکشہ ڈرائیور کے لیے تو پٹرول اس کی روزی کا بنیادی جزو ہے۔ اگر ایندھن مہنگا ہوتا ہے تو اس کی روزانہ آمدن براہِ راست متاثر ہوتی ہے۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے انہی طبقات کو ریلیف دینا دراصل اُن کے روزگار اور گھریلو بجٹ کو سہارا دینے کے مترادف ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ کہنا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، محض سیاسی بیان نہیں بلکہ موجودہ حالات میں ایک عملی حکومتی اقدام کے ذریعے سامنے آیا ہے۔ حکومت نے نہ صرف سکیم کا اعلان کیا بلکہ اس کی رجسٹریشن بھی شروع کردی ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ فیصلہ صرف فائلوں اور اجلاسوں تک محدود نہیں رکھا گیا، بلکہ اسے عملی شکل دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہاں حکومت کے اس فیصلے کا ایک اور مثبت پہلو قابلِ ذکر ہے کہ ریلیف کو ہر صارف کے بجائے مخصوص اور نسبتاً ضرورت مند طبقات تک محدود رکھا گیا ہے۔ اس سے سرکاری وسائل کو زیادہ منظم انداز میں استعمال کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور اُن لوگوں کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے جو پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ معاشی پالیسی میں یہی ترجیح ضروری ہوتی ہے کہ محدود وسائل کو ایسے طبقات تک پہنچایا جائے جہاں ایک معمولی مالی سہولت بھی گھریلو بجٹ میں نمایاں فرق پیدا کر سکے۔ حکومت نے سکیم کے اطلاق کے لیے مرحلہ وار طریقہ بھی اختیار کیا ہے۔ اسلام آباد میں اس کا نفاذ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔ اس انتظام سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے اسکیم کے عملی نفاذ کے لیے ایک واضح ٹائم لائن مقرر کی ہے۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں لاکھوں گھرانے اپنی روزمرہ ضروریات محدود آمدنی میں پوری کرتے ہیں، دو ہزار روپے کا ماہانہ ریلیف بھی معمولی رقم نہیں۔ یہ رقم کسی گھر میں راشن کی ضرورت پوری کر سکتی ہے، کسی طالب علم کے سفری اخراجات کم کر سکتی ہے، کسی مزدور کے روزانہ سفر کا بوجھ گھٹا سکتی ہے یا کسی رکشا ڈرائیور کے لیے کاروباری اخراجات میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔ یہی ریاستی فلاح کا بنیادی تصور ہے کہ مشکل وقت میں حکومت اپنے شہری کے ساتھ کھڑی ہو۔ یہ بھی قابلِ تحسین ہے کہ حکومت نے اس منصوبے کے لیے صوبوں سے حاصل ہونے والی معلومات کو اہمیت دی اور وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کا تعاون فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان ایسے تعاون سے ہی عوامی فلاح کے منصوبوں کو موثر بنایا جاسکتا ہے۔ اگر تمام ادارے ایک سمت میں کام کریں تو ریلیف کا دائرہ بھی وسیع ہوسکتا ہے اور اس کے فوائد بھی زیادہ منظم انداز میں عوام تک پہنچ سکتے ہیں۔ حکومت کا یہ اقدام اس وسیع تر سوچ کا حصہ بھی سمجھا جانا چاہیے جس میں معاشی دبا کے باوجود عام آدمی کو فوری سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کسی ایک ملک کے اختیار میں نہیں ہوتا، مگر حکومت کا ردعمل ضرور اس کے اختیار میں ہوتا ہے۔ موجودہ صورت حال میں حکومت نے ردعمل کے طور پر عوامی ریلیف کو ترجیح دی ہے، جو قابلِ قدر ہے۔ یقیناً ملک کو طویل المدتی معاشی استحکام کے لیے وسیع تر اصلاحات کی بھی ضرورت ہے، لیکن اصلاحات کے ثمرات آنے میں وقت لگتا ہے۔ عام آدمی آج جس مشکل سے گزر رہا ہو، اسے آج ہی کچھ سہارا درکار ہوتا ہے۔ حکومت کی موجودہ سکیم اسی فوری ضرورت کو پورا کرنے کی کوشش ہے۔ یہ وقت سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر اُن اقدامات کو سراہنے کا ہے جن کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچتا ہے۔ حکومت نے یہ پیغام دیا ہے کہ عالمی معاشی دبا یا پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ہو، ریاست اپنے کم آمدنی والے شہری کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔ پٹرول پر فی لٹر 100روپے تک ریلیف کا فیصلہ اسی عزم کا اظہار ہے۔ حکومت کا یہ اقدام محض چند لٹر پٹرول پر رعایت نہیں بلکہ اُن لاکھوں خاندانوں کے لیے حوصلے کا پیغام ہے جو مہنگائی کے باوجود محنت، دیانت اور امید کے ساتھ اپنی زندگی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہی اچھی حکمرانی کی پہچان ہے اور موجودہ خصوصی پٹرول ریلیف سکیم اسی عوام دوست سوچ کی ایک نمایاں مثال ہے۔
شذرہ۔۔۔
پاک، انڈونیشیا شعبہ صحت میں نئے امکانات
صحت کسی بھی ریاست کی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور جدید دور میں طبی سہولتوں کے ساتھ ساتھ صحت کی ٹیکنالوجی، طبی آلات اور تحقیق میں پیش رفت بھی قومی ترقی کی رفتار متعین کرتی ہے۔ ایسے میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے تین اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط خوش آئند پیش رفت ہیں۔ ان معاہدوں کی مجموعی متوقع مالیت 62کروڑ 50لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی اور صنعتی روابط کی واضح علامت ہے۔ ہیلتھ ایشیا 2026ء کے موقع پر ہونے والی یہ پیش رفت اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ تعاون کو محض رسمی سفارتی تعلقات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی کاروباری شراکت داری کی طرف لے جایا جارہا ہے۔ طبی آلات، صحت ٹیکنالوجی اور کاروباری تعاون کے شعبے ایسے میدان ہیں جہاں مشترکہ سرمایہ کاری اور تجربات کے تبادلے سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پاکستان میں صحت کے شعبے کو جدید طبی آلات، معیاری ٹیکنالوجی اور موثر تشخیصی سہولتوں کی ضرورت ہے۔ اگر انڈونیشیا کے اداروں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی، تربیت، تحقیق اور طبی مصنوعات تک رسائی بہتر ہوتی ہی تو اس کے اثرات براہِ راست مریضوں اور صحت کے اداروں تک پہنچ سکتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کی بڑی مارکیٹ اور کاروباری صلاحیت انڈونیشی کمپنیوں کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ تینوں مفاہمتی یادداشتوں میں نجی شعبے کے اداروں کی شرکت اس تعاون کو مزید اہم بناتی ہے۔ حکومتوں کے سفارتی روابط اپنی جگہ، لیکن مستقل اور پائیدار معاشی تعلقات اسی وقت مضبوط ہوتے ہیں جب کاروباری اور صنعتی ادارے ایک دوسرے کے ساتھ براہِ راست جڑتے ہیں۔ انڈونیشیا کے قونصل جنرل کراچی مدزاکر کا یہ کہنا بھی قابلِ توجہ ہے کہ مفاہمتی یادداشتیں صنعتی اداروں اور کاروباری کمپنیوں کے درمیان مضبوط روابط اور عملی تعاون کی جانب اہم قدم ہیں۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ان یادداشتوں کو عملی منصوبوں، سرمایہ کاری، مشترکہ پیداوار، تحقیق اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کیا جائے۔ پاکستان اور انڈونیشیا کے دوستانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ صحت جیسے انسانی فلاح کے شعبے میں بڑھتا تعاون ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر یہ 62کروڑ 50لاکھ ڈالر کے متوقع کاروباری روابط عملی شکل اختیار کرتے ہیں تو یہ نہ صرف تجارت بلکہ پاکستان کے صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھول سکتے ہیں۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے لیے ایک موقع ہے، اب اصل کامیابی معاہدوں پر دستخط سے آگے بڑھ کر ان کے عملی ثمرات عوام تک پہنچانے میں ہوگی۔







