
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوام کو مشکلات سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے، دکانیں بند کرواکر نہیں، عوام کو سہولتیں فراہم کرکے ریلیف دیں گے، انہوں نے وزیراعلی سندھ سے اپیل کی کراچی کو بند کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ناظم آباد بلاک جے میں ترقیاتی کاموں کے بعد سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ناظم آباد میں عوام کو درپیش مختلف مسائل حل کیے ہیں، وسائل شہر کی عوام کی امانت اور ان کا کا حق ہے، یہاں سیوریج کے مسائل اور ٹوٹی سڑکیں تھیں، تمام مسائل حل کرکے سڑکیں دوبارہ تعمیر کیں، اندرونی سڑکوں پر پیور لگائے گئے، ٹوٹی سڑکوں کی دوبارہ تعمیر مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں موجود ایک ایک پائی عوام کی ہے، تنقید کرنے والے تنقید کرتے رہیں اور تعصب بانٹنے والے تعصب بانٹے رہیں، عوام کی خدمت ہماری ذمے داری ہے، صرف بیانات نہیں عملی اقدامات کریں گے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ماضی کی طرح شہر دوبارہ بند کرنے کی سیاست کی جارہی ہے، شہر بند کرنے والوں کو یومیہ دہاڑی دار طبقے کے مسائل کا خیال نہیں، بڑی مشکلوں اور جدوجہد کے بعد شہر کے حالات بہتر ہوئے تھے، یہ دوبارہ ایسا ہی کررہے ہیں، مجھے حیرت ہوتی ہے۔







