تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

جھنگ کیٹل منڈی میں اربوں روپوں کا گھپلا ، پہلی آندھی نے سب کچھ بے نقاب کر دیا

عبدالرحمٰن ارشد :

 

جھنگ میں اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی نئی کیٹل منڈی منصوبہ باقاعدہ فعال ہونے سے قبل ہی سنگین سوالات کی زد میں آ گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حالیہ معمولی آندھی اور تیز ہواؤں کے دوران منڈی میں نصب متعدد شیڈز اکھڑ گئے جبکہ بعض دیواریں بھی زمین بوس ہو گئیں، جس کے بعد منصوبے میں ناقص تعمیراتی میٹریل کے استعمال اور مبینہ بدعنوانی کے الزامات شدت اختیار کر گئے ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق منصوبے پر کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ کیے گئے، تاہم تعمیراتی معیار انتہائی کمزور ثابت ہوا۔ شہری حلقوں اور متعلقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر معمولی موسمی دباؤ بھی اس منصوبے کو نقصان پہنچا سکتا ہے تو بڑے عوامی استعمال کے دوران اس کی پائیداری اور حفاظتی صورتحال شدید خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔

 

اطلاعات یہ بھی ہیں کہ منصوبے کے مختلف مراحل میں ہونے والی انسپکشنز، تعمیراتی نگرانی اور ادائیگیوں کے عمل پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ مبینہ طور پر ناقص کام کے باوجود کروڑوں روپے کے بلز کلیئر کیے گئے، جس کے باعث سرکاری افسران، متعلقہ محکموں اور ٹھیکیداروں کے کردار پر شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔

 

شہری و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت احتساب نہ کیا گیا تو یہ منصوبہ جھنگ کی تاریخ کے بڑے تعمیراتی اسکینڈلز میں شمار ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

Back to top button