
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ بیٹھی خاتون خودکش حملے کے مشن پر تھیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد خواتین کو ٹریپ کرتے ہیں، خاتون خودکش حملہ آور کو اسلام آباد میں حملے کا ہدف دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیز نے اسلام آباد میں خود کش حملے کا منصوبہ ناکام بنایا، انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پاکستان کو بہت بڑی تباہی سے بچایا، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں
وزیرِ اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہم بچیوں کو تعلیم دینا چاہتے ہیں، دہشت گرد انہیں خودکش جیکٹس پہنا رہے ہیں، ہم بچی کو باعزت طریقے سے اس کے والد کے حوالے کر رہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے دہشت گرد اپنی بچیوں کا استحصال کرتے ہیں، بچی کو دھمکی دی گئی کہ خود کش حملہ نہ کیا تو والد کو مار دیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں، بلوچ خواتین کبھی اس جنگ کا حصہ نہیں ہیں







