
بھارتی ریاست کیرالا میں 45 سالہ شخص ساجی کو اپنی ماں اور بھائی کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم ساجی نے اپنے بھائی ریجی کو جھگڑے کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا اور گلا گھونٹ کر قتل کر دیا، یہ سارا منظر اس کی والدہ نے دیکھ لیا تھا، بعد ازاں ساجی نے اپنی ماں کو بھی قتل کر ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم ساجی نے دونوں لاشیں 2 دن تک چھپانے کے بعد گھر کے احاطے میں ہی دفن کر دی تھیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ قتل کی وجہ خاندانی زمین کا تنازع ہے، ملزم نے پولیس کو بتایا کہ دونوں بھائی تقریباً ایک ایکڑ زمین پر قبضے کے خواہاں تھے جبکہ ملزم کو یہ بھی شک تھا کہ اس کا بھائی اس کی شادی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔
دہرے قتل کا واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پڑوسی رکشہ ڈرائیور نے گھر کے معمولات میں تبدیلی محسوس کر کے پولیس کو اطلاع دی







