افغان فورسز کی سرحدی جارحیت پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب، بھاری نقصان اٹھانا پڑا
نوشکی میں پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے جارحیت کی گئی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے نوشکی میں پاک افغان بارڈر پر غزنالی سیکٹر میں جارحیت کی گئی، افغان فورسز کی جانب سے پاکستان کی پوسٹوں پر فائرنگ کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی طرف سے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، پاکستان نے جوابی کارروائی میں افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ پاک فورسز کی جانب سے باڑ کی مرمت کے دوران پیش آیا، پاکستان نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے افغان فورسز کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کی، پاک فورسز کی جوابی کارروائی میں افغان فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا، افغان فورسز کو جانب سے بِلا اشتعال جارحیت پہلے بھی کی جا چکی ہے، پاکستانی فورسز علاقائی سالمیت پر کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گی۔