جرائم روکنے کیلئے ہیوی بائیک پر ہھتیاروں سے لیس پنجاب کا پہلا لیڈی ڈولفن اسکواڈ تیار
فیصل آباد میں پنجاب پولیس کا پہلا لیڈی ڈولفن اسکواڈ متعارف کرایا گیا ہے۔
فیصل آباد پولیس کی جانب سے روایتی فرائض مردوں سے لے کر خواتین اہلکاروں کو منتقل کرنے کا عمل معاشرے میں خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
فیصل آباد کی سڑکوں پرجرائم پیشہ اور امن و امان کے دشمنوں کے خلاف نکلنے والا لیڈی ڈولفنز کا یہ پہلا اسکواڈ ہے جو اپنی تربیت کا عملی مظاہرہ کر رہا ہے، اسکواڈ میں شامل خواتین اہلکاورں کو 500 سی سی ہیوی بائیک اور خودکارہھتیار چلانے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے
پنجاب میں پہلی بار لیڈی ڈولفنز کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو کہ مردوں کے شانہ بشانہ ڈیوٹی کرتی نظر آئے گی، تربیت مکمل کرنے والی 500 لیڈی کمانڈوز اہلکار 500سی سی ہیوی بائیک کے ساتھ خودکار ہھتیاروں سے لیس ہو کر اب سڑکوں پر ناکے لگائیں گی اور اسنیپ چیکنگ بھی کرتی دکھائی دیں گی۔
اس حوالے سے سی پی او فیصل آباد کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لیڈیز ڈولفنز ایسے عوامی مقامات پر گشت کریں گی جہاں خواتین کی موجودگی زیادہ ہوتی ہے، مثلاً ڈولفن پولیس کو خواتین کی یونیورسٹیزاور بازاروں میں ڈیوٹی کیلئے بھیجا جائے گا تاکہ وہاں کی خواتین بھی لیڈیز اسکواڈ سے بآسانی بات کر سکیں