کیا چین کے کہنے پر مادر ملت فاطمہ جناح کے ساتھ انکے ساتھی سیاستدان نے غداری کی؟
گزشتہ روز مادر ملت فاطمہ جناح کا یوم وفات تھا۔ اسی مناسبت سے ملک کے معروف صحافی حامد میر نے اپنے کالم ‘مادر فروش’ میں تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے لکھا ہے کہ فاطمہ جناح کو انکے اپنے ہی ساتھی نے ایوب خان سے پیسے لے کر بیچ ڈالا۔ اور اس سیاسدتان نے اعترافی بیان میں کہا کہ یہ سب چین کے کہنے پر کیا۔
تہلکہ خیز تفصیل میں جاتے ہوئے وہ وہ لکھتے ہیں کہ 1964ء میں جنرل ایوب خان نے صدارتی الیکشن کا اعلان کیا تو مادرملت صدارتی الیکشن لڑنے کیلئے تیار نہ تھیں لہٰذا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما مولانا بھاشانی ان کے پاس کراچی آئے اور ان سے الیکشن لڑنے کی درخواست کی۔
مولانا بھاشانی کو مادر ملت تحریک پاکستان کے زمانے سے جانتی تھیں لہٰذا انہوں نے الیکشن لڑنے پر آمادگی ظاہر کردی۔ محترمہ فاطمہ جناح کی شخصیت وفاق کی مضبوط علامت بن کرسامنے آئی۔ ملک کے مشرقی حصے میں بھاشانی اور شیخ مجیب ان کے پیچھے کھڑے تھے، مغربی حصے میں ولی خان اور غوث بخش بزنجو سے لیکر خیر بخش مری اور مولانا مودودی ان کےپیچھے کھڑے تھے۔ کے ایچ خورشید مادر ملت کی الیکشن مہم کے انچارج اور دھمکیوں کی زد میں تھے۔
جنرل ایوب خان نے فیئر اینڈ فری الیکشن کی بجائے خفیہ اداروں اور پولیس کے ذریعے دھاندلی اور مار دھاڑ شروع کردی۔ پنجاب میں مادر ملت کے جلسوں پر جگہ جگہ غنڈے چھوڑے گئے۔ بلوچستان میں مادرملت کے پولنگ ایجنٹوں میر جعفر خان جمالی اور غوث بخش بزنجو کو گرفتار کرلیا گیا۔ کچھ مولویوں نے عورت کی حکومت کے خلاف فتویٰ دیا تو مفتی محمد شفیع نے مادر ملت کے حق میں فتویٰ دیدیا۔مشرقی پاکستان میں شیخ مجیب الرحمان نے مادر ملت کے بڑے بڑے جلسے منعقد کرائے جن سے جنرل ایوب خان لرز گیا۔
یہ وہ موقع تھا جب مولانابھاشانی نے 40لاکھ روپے کے عوض مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا سودا کرلیا۔ انہو ں نے ایوب خان سے پیسے لیکر مادر ملت کی انتخابی مہم کو اپنے زیر اثر علاقوں میں ٹھنڈا کردیا اور 2 جنوری 1965ء کو انہیں ووٹ بھی نہ ڈلوائے۔ نیپ کی قیادت کوفوراً مولانا بھاشانی کی غداری کا پتہ چلا۔ نیپ کے تین رہنما میاں محمود علی قصوری، خان عبدالولی خان اور ارباب سکندر اس معاملے کی تحقیقات کیلئے پہلے ڈھاکہ اور پھر مولانا کے گائوں پنج بی بی پہنچ گئے اور طویل بحث کے بعد مولانا بھاشانی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے چو این لائی کی درخواست پر ایوب خان کی مدد کی (بحوالہ داستان ِخانوادہ میاں محمود علی قصوری)۔
شیخ مجیب نے ڈھاکہ اور چٹاگانگ میں مادر ملت کو جتوا دیا تھالیکن باقی علاقوں میں بھاشانی نے مادر ملت کو ہروا دیا۔ مادر ملت مشرقی پاکستان سے اکثریت حاصل کرلیتیں اور الیکشن جیت جاتیں تو شاید پاکستان نہ ٹوٹتا۔ ایوب خان نے الیکشن جیت کر پاکستان کو ہروا دیا۔اس جرم میں پاکستان کی سول وملٹری بیوروکریسی کے سب سے بڑے سہولت کار مولانا بھاشانی تھے جنہوں نے قوم کی ماں کوبیچ دیا۔