گھریلو اور کمرشل صارفین کیلیے گیس کتنی مہنگی ہوگی؟
گیس مہنگی کرنے کی آج منظوری کا امکان ہے، پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے 300روپےفی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق گیس کی قیمتوں کی منظوری کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ 3 بجے طلب کرلیا گیا ہے، آئی ایم ایف کودی گئی یقین دہانی کی ڈیڈ لائن کل ختم ہوجائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں گیس کی قیمتوں کی سمری منظوری کیلئے پیش کی جائے گی ، ای سی سی نے گیس قیمتوں کی سمری پر مزید غور کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین اور کیپٹو پلانٹس کیلئے گیس مہنگی کرنے کی منظوری کا امکان ہے، دستاویز میں کہا گیا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس قیمتوں میں 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور نان پروٹیکٹڈصارفین کیلئےگیس قیمتوں میں300روپےفی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہو گا۔
وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ پروٹیکٹڈ ،نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئےفکسڈ چارجزمیں اضافہ نہیں کیا جائے گا، بلک میں گیس استعمال کرنیوالوں کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 900 روپے اضافہ ہو گا۔
دستاویز میں کہا ہے کہ سی این جی سیکٹر کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 170 روپے کا اضافہ کیا جائے گا، اینگرو فرٹیلائزر کیلئے گیس قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم مارچ سے ہو گا۔
پروٹیکٹڈ ،نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے گیس قیمتوں میں اضافےکااطلاق یکم فروری سے ہو گا،گیس قیمتوں میں اضافےسے صارفین پر204 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو 15 فروری تک گیس کی قیمت میں اضافے کی یقین دہانی کرارکھی ہے، اوگرا نے گیس قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوادیا تھا۔