پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 1200 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ، آٹو سیکٹر کی لیڈ

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے ہفتے کے پہلے کاروباری روز تیزی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے اور اب تک مارکیٹ کے انڈیکس میں 1200 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔
اس تیزی کی وجہ سے پاکستان سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 12587 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔
سٹاک مارکیٹ تجزیہ کار کاروبار میں تیزی کی وجہ معاشی شعبے میں بہتر ہوتے اشاریوں کے ساتھ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی قسط کی جلد منظوری کو قرار دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کی جانب سے ان کے مالیاتی نتائج کا اعلان بھی شروع ہو گیا جن میں گروتھ نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کو فروغ ملا۔
تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بتایا کہ مارکیٹ میں تیزی کی ایک وجہ تو آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے جلد پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر قسط کی منظوری کا امکان ہے۔
انھوں نے کہا پاکستان کے وزیر خزانہ اس وقت آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی سپرنگ میٹنگز کے لیے امریکہ پہنچ چکے ہیں۔ انھوں نے کہا اس کے ساتھ ملک کے معاشی اشاریوں میں بہتری ہے جن میں ترسیلات زر اور کرنٹ اکاونٹ میں بہتری ہوئی ہے۔
شہریار بٹ نے بتایا کہ اس وقت سٹاک مارکیٹ کی کمپنیوں کی جانب سے کارپوریٹ رزلٹس کا سیزن شروع ہو چکا ہے جس میں ان کمپنیوں کی آمدن میں بہتری نظر آئی ہے۔
انھوں نے کہا آج مارکیٹ میں آٹو سیکٹر کی کمپنیوں نے لیڈ کی جس کی وجہ ایک تو گاڑیوں کی زیادہ فروخت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سیکٹر کی سازگار اور گندھارا کمپنیوں کی جانب سے اچھے مالیاتی نتائج کا اعلان ہے، جس میں ان کی آمدن دوگنی ہوئی ہے اور شیئر ہولڈرز کو بھی منافع دیا گیا ہے۔