تازہ ترینخبریںپاکستان

عمران خان، شاہ محمود کے وکلا نے فرد جرم عائد ہونے کی خبر کو غلط قرار دے دیا

اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی آٹی آئی) اور شاہ محمود قریشی کے وکلا نے ان پر فرد جرم عائد ہونے کی خبر کو غلط قرار دے دیا۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ہمارے سامنے کوئی فرد جرم عائد نہیں ہوئی، ملزمان نے دستخط بھی نہیں کیے، پراسیکیوٹر نے غلط بتایا کہ فرد جرم عائد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کل ہم اس پر احتجاج کریں گے، ہماری آج صرف درخواستوں پر بحث ہوئی۔

ادھر بیرسٹر تیمور ملک نے بھی فرد جرم عائد ہونے کی خبر کو غلط قرار دیا۔

قبل ازیں، اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا جس کے بعد عدالت نے استغاثہ سے شہادت طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی جس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلا اور ایف آئی اے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کہا کہ خفیہ سائفر کو جلسے میں لہرایا گیا اور اس کے مندرجات کو زیر بحث لایا گیا جبکہ ایسا کرنا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت جرم ہے اور بطور وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی کو سائفر رکھنے کا کوئی اختیار نہ تھا۔

جج نے رولنگ دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سائفر کو جان بوجھ کر اپنے مفاد کیلیے استعمال کیا گیا اور اس عمل سے ملک کے تشخص اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچاگیا۔

اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دو فیصلوں کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے پہلے فیصلہ ہونے دیں، کیا یہ ضروری ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے بھی پہلے نا انصافی ہو اور پھر اس کا ازالہ ہو۔

وکیل نے مزید کہا کہ بنیاد ٹھیک نہ ہو تو پورا کیس بیٹھ جاتا ہے، دستاویزات کی جو کاپیاں رہ گئی تھیں وہ فراہم کر دی گئی ہیں، یہ سنجیدہ کیس ہے اس لیے کیس کو آگے بڑھانے کیلیے 7 دن دیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button