تازہ ترینخبریںسپیشل رپورٹ

اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا لبنان، ترکی اور قطر میں حماس کے شکار کا اعلان

 اسرائیلی خفیہ ایجنسی شن بیت کے سربراہ رونن بار نے لبنان، ترکی اور قطر میں حماس کے شکار کا اعلان کیا ہے۔

روئٹرز کے مطابق اتوار کو اسرائیل کے ڈومیسٹک جاسوس سربراہ رونن بار نے کہا ہے کہ وہ لبنان، ترکی اور قطر میں حماس کا شکار کریں گے چاہے اس میں کئی برس لگ جائیں۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کے کمانڈر ہیثم خواجری کو مار دیا ہے، جب کہ شن بیت کے سربراہ نے حماس کو ’ہر جگہ‘ تلاش کرنے کا عہد کیا۔ واضح رہے کہ غزہ کے علاوہ حماس کے رہنما لبنان، ترکی اور قطر میں مقیم ہیں یا کثرت سے آتے جاتے ہیں۔

گزشتہ ماہ اسرائیل کی شن بیت سیکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر نے اعتراف کیا تھا کہ وہ 7 اکتوبر کو فلسطینی حماس گروپ کی اسرائیلی علاقوں میں دراندازی کا پتا لگانے میں ناکام رہے تھے۔ رونن بار نے اس ناکامی کی ذمہ داری قبول کی لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا کہ یہ وقت اس ناکامی کی تحقیقات کا نہیں ہے بلکہ لڑائی کا ہے۔

غزہ میں داخل ہو کر حماس کے درجنوں جنگجوؤں کو گرفتار کرنے اور ان سے یرغمالیوں کے سلسلے میں تفتیش کرنے کے باوجود شن بیت یہ معلوم نہیں کر سکی ہے کہ حماس نے یرغمالیوں کو کہاں چھپا کر رکھا ہے۔

شن بیت کے سربراہ رونن بار نے کہا کہ حماس کو ختم کرنے کا ہدف ہمیں کابینہ نے دیا ہے، انھوں نے میونخ واقعے کا بھی حوالہ دیا۔ 1972 میں میونخ گیمز میں فلسطینی بلیک ستمبر گروپ کے مسلح جنگجوؤں نے اسرائیلی اولمپک ٹیم کے 11 ارکان کو ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد اسرائیل نے مذکورہ گروپ کے ارکان اور منتظمین کو قتل کرنے کے لیے مختلف ممالک میں کئی برسوں تک خونی مہم چلائی۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں اسرائیل نے فلسطینی محلوں میں پولیس کی جگہ داخلی سیکیورٹی سروس شن بیت کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق شن بیت طویل عرصے سے فلسطینی علاقوں میں اپنے مخبروں کے ذریعے انٹیلی جنس جمع کر رہی ہے۔ شن بیت کو انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کی متعدد جدید سہولیات تک رسائی حاصل ہے جنھیں استعمال کرنے کی پولیس کو اجازت نہیں ہے، ان میں پیگاسس اسپائی ویئر بھی شامل ہے، جس کے ذریعے کسی موبائل ڈیوائس کے میسجز، چیٹس، فون کالز، روابط اور ای میلز کو مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button