تازہ ترینخبریںپاکستان

چیئرمین PTI کا سائفر کیس کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع

اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرلیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت عظمیٰ میں مقدمے کے اخراج کیلیے درخواست دائر کر دی جس میں استدعا کی کہ سائفر کیس خارج کیا جائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم کے وکیل انتظار حسین پنجوتھہ نے بتایا کہ درخواست پر کسی اعتراض کے بغیر نمبر لگا دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کا ٹرائل چار ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے جاری کردہ تحریری حکمنامہ مین کہا کہ جیل ٹرائل کا مطلب ان کیمرہ سماعت نہیں بلکہ اوپن ٹرائل ہی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ سکیورٹی مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ افراد کو عدالتی کارروائی دیکھنے کو یقینی بنائیں، جیل حکام یقینی بنائیں ملزموں کی عزت اور وقار پر کوئی حرف نہ آئے۔

تحریری فیصلے کے مطابق ہر حوالے سے اوپن اور شفاف ٹرائل کو یقینی بنایا جائے، چیئرمیین پی ٹی آئی بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، سکیورٹی کی وجہ سے جیل ٹرائل ہورہا ہے۔

اس سے قبل، چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے فرد جرم عائد کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کی تھی۔ سابق وزیر اعظم کی جانب سے وکیل حامد خان کے ذریعے درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ درخواست گزار کو مخالفین کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیاسی انتقام کا دائرہ درخواست گزار کی سیاسی جماعت اور اتحادیوں تک پھیلا دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button