Uncategorized

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے تباہی، ہلاکتیں 1400 سے زائد، ترکیہ میں ایمرجنسی نافذ

ترکیہ اور شام شدید  زلزلے سے لرز اٹھے، 7.9 شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جس کے باعث مجموعی طور پر  ہلاکتیں 1400 سے تجاوز کرگئی ہیں۔

 امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں غازی انتپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، جھٹکوں کے باعث لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

ترک صدر طیب اردوان نے زلزلے سے اموات کی تعداد 912 ہونےکی تصدیق کردی ہے۔ترک صدر کا کہنا ہےکہ ترکیہ میں زلزلے سے اموات کی تعداد 912 ہوگئی ہے اور 5 ہزار 383 افراد زخمی ہیں، زلزلے سے اموات کتنی بڑھیں گی، ابھی اندازہ نہیں لگاسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ 45 ممالک سرچ اینڈ ریسکیو  آپریشن میں مدد کی پیشکش کرچکے ہیں، یہ زلزلہ 1939کے بعد اب تک کی سب سے بڑی تباہی ہے۔

اس کے علاوہ ترک صدر طیب اردوان نے میں ملک میں ہولناک زلزلے کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔

ترک صدر طیب اردوان نے زلزلے سے متاثر تمام شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ امید ہے کہ جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل جائیں گے۔

ترکیہ کے نائب صدر کے مطابق زلزلے کے بعد غازی انتپ اور حاطے ائیرپورٹ پر سول پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ زلزلے کے باعث  ترک صوبہ حاطے میں قدرتی گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی، احتیاطی تدابیر کے طور پر حاطے میں قدرتی گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

ترک ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہےکہ  زلزلےکے بعد سے اب تک 78  آفٹرشاکس محسوس کیےگئے ہیں، زلزلے سےکم ازکم 1ہزار 710 عمارتیں گرگئیں۔ متاثرہ علاقوں میں 2 ہزار 786 امدادی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ترک میڈیا کا کہنا ہےکہ آذربائیجان سے سرچ ریسکیو کے 370 ماہرین ترکیہ پہنچ رہے ہیں جب کہ  امریکا نے بھی ترکیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنےکی پیشکش کی ہے اور کہا ہےکہ امریکا ترکیہ کی ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔

اے ایف پی کے مطابق زلزلے نے شام میں بھی شدید تباہی مچائی ہے جہاں عمارتیں گرنے سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

شامی حکام کے مطابق زلزلےکے جھٹکے شام کے صوبوں حما، حلب اور  لتاکیہ میں محسوس کیےگئے، حکومتی زیر اثر علاقوں میں زلزلے سے اموات کی  تعداد 326 ہوگئی ہے اور  ایک ہزار سے زائد افراد  زخمی ہیں۔

دوسری جانب شام میں کام کرنے والے امدادی گروپ کے مطابق باغیوں کےزیرکنٹرول علاقوں میں زلزلے سے234 اموات ہوئی ہیں، زلزلے سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے، سیکڑوں خاندان اب بھی ملبے تلے دبے ہیں۔

شام میں زلزلے سے اموات کی مجموعی تعداد560 ہوگئی ہے اور  ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 385 ہوگئی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button