
سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے جنوب میں اوردا کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے میں کم از کم 68 افراد کی ہلاکت کے بعد تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بدھ کے روز پیش آنے والے اس حادثے کو یورپ کی حالیہ تاریخ کے بدترین ریل حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے، جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
امدادی کارکن رات بھر تباہ شدہ بوگیوں کو کاٹ کر متاثرین کی تلاش میں مصروف رہے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے کئی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
حادثہ بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب میڈرڈ سے سیویل جانے والی ایک ٹرین ایک کھڑی ٹرین سے جا ٹکرائی۔ حکام واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
سپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا ہے کہ ’پورا سپین سوگ میں ڈوبا ہوا ہے۔ اس سانحے نے زندگیاں بدل کر رکھ دی ہیں، خاندانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے اور لوگوں کو گہرے دکھ سے دوچار کر دیا ہے۔‘
وزارتِ داخلہ کے مطابق امدادی اور بحالی کی کارروائیوں کے لیے سینکڑوں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متاثرین کی تلاش اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے







