
صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر کی وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے ملاقات، صنعت و تجارت اور معیشت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال
کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے ڈیجیٹلائزیشن سمیت تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں: مریم نواز
لاہور، 29 اکتوبر۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر سے ملاقات میں کہا ہے کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل ، صنعت و تجارت کی ترقی اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ پنجاب کو کاروبار دوست صوبہ بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے اور کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل سرخ فیتے اور انتظامی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر نے ڈسٹرکٹ اکانومی ، پیرا فورس ، قواعد و ضوابط میں مجوزہ ترامیم، کاروباری برادری کی بہتری، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر روشنی ڈالی۔مریم نواز نے علی حسام اصغر کو لاہور چیمبر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کے تحفظات دور کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کو کاروبار دوست بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ای بز کا مقصد تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا، کاروباری طریقہ کار آسان بنانا اور سرکاری خدمات تک رسائی بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کی راہ میں حائل سرخ فیتے اور انتظامی رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے تاکہ کاروباری ادارے زیادہ مو¿ثر انداز میں کام کر سکیں اور سرمایہ کاروں کو پنجاب میں نئے مواقع میسر آئیں۔مریم نواز نے کہا کہ کاروباری برادری سے متعلق قابلِ عمل تجاویز اور سفارشات پر غور کرکے ان پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار کو سہولت دینے، تاجروں کے مسائل حل کرنے اور صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر نے پنجاب حکومت کے عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم صوبے میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے وزیراعلیٰ کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی ترقی کے لیے پ±رامن ماحول بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ بہتر سکیورٹی اور سازگار کاروباری ماحول سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور تجارتی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔علی حسام اصغر نے کہا کہ کاروباری برادری کی فلاح و بہبود اور اس کے مسائل کا حل پائیدار معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن، ای بز کے آغاز اور صنعتی ترقی کی راہ میں حائل انتظامی رکاوٹیں دور کرنے کے حکومتی اقدامات کو بھی سراہا۔انہوں نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے 3 قوانین میں ترامیم کی تجاویز پیش کی ہیں، جو اسپیکر پنجاب اسمبلی کو پیش کر دی گئی ہیں۔صدر لاہور چیمبر نے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے اور مشاورت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں سے مشاورت کے ذریعے کاروباری مسائل کے عملی حل تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قابلِ عمل تجاویز پر عمل درآمد سے کاروباری ماحول مزید بہتر ہوگا اور پنجاب میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔علی حسام اصغر نے کہا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان موثر روابط ضروری ہیں تاکہ پالیسیاں زمینی حقائق کے مطابق ہوں اور تاجروں و صنعت کاروں کو حقیقی معنوں میں سہولیات مل سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کاروباری مسائل کا بروقت حل، شفاف ضابطہ جاتی نظام اور سرمایہ کار دوست پالیسیاں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، صنعتی سرگرمیوں میں اضافے اور پنجاب کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اہم ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ وسیم افضل اور خواجہ شاہزیب اکرم بھی موجود تھے۔
کیپشن
وزیراعلی پنجاب مریم نواز صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر کے ساتھ ملاقات میں اظہار خیال کررہی ہیں۔







