
امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک باہمت ایتھلیٹ کیتھرین برئیڈ نے شارک مچھلیوں سے بھرے سمندر میں 900 میل تک تیرنے کا کارنامہ سر انجام دیا ہے۔
وہ پہلی ایسی فرد بنی ہیں جنھوں نے ریاست کیلیفورنیا کے تمام 900 میل کے فاصلے تک پھیلے ہوئے سمندری علاقے کو تیر کر پار کیا ہے۔
ریاست اوریگن سے شروع ہونے والا یہ سفر میکسیکو جاکر 4 ماہ سے کم وقت میں مکمل ہوا۔
33 سالہ کیتھرین برئیڈ کا تعلق سان فرانسسکو سے ہے اور اس سفر کے دوران انہوں نے تند و تیز لہروں، سمندری طوفانوں، شارک مچھلیوں اور دیگر مسائل کا سامنا کیا۔
111 دن پر مبنی سفر کے دوران وہ روزانہ 5 گھنٹے تک تیرتی تھیں۔
اس سفر کے دوران ان کی ٹیم ایک 52 فٹ لمبی کشتی میں ساتھ سفر کرتی رہی۔
وہ روزانہ اوسطاً 10.3 میل تک تیرتی تھیں اور 18 دن پانی سے باہر آرام کرنے کے لیے گزارے۔
انہوں نے اس سفر کا آغاز یکم جولائی کو کیا تھا اور 19 اکتوبر کو امریکا و میکسیکو کی بحری سرحد پر پہنچ اس کا اختتام ہوا۔
اس سفر کے دوران صحت مند رہنے کے لیے یہ خاتون روزانہ 6 ہزار سے زائد کیلوریز پر مشتمل غذا استعمال کرتی تھیں۔
سفر کے اختتام کے قریب انہوں نے سیوریج کے آلودہ پانی کے باعث ہونے والے انفیکشن سے بچنے کے لیے اینٹی بائیوٹیکس کا استعمال بھی کیا۔
اس سفر کے دوران وہ صحت مند رہیں جبکہ جیلی فش کے ڈنک یا دیگر انجریز سے بھی محفوظ رہیں







