ایچیسن کالج جونیئر نیشنل ٹینس: ابوبکر، عامر اور ابراہیم کی شاندار پیش قدمی

*ایچیسن کالج جونیئر نیشنل ٹینس: ابوبکر، عامر اور ابراہیم کی شاندار پیش قدمی*
لاہور: ایچیسن کالج، مال روڈ لاہور میں ایچیسن کالج جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ افتتاح منگل کے روز کر دیا گیا، جہاں بوائز انڈر 18 کیٹیگری میں ابوبکر طلحہ، ایچیسن کالج کے عامر مزاری اور عمر جواد نے شاندار کامیابی حاصل کی، جبکہ انڈر 14 مقابلے میں ایم ابراہیم حسین گل نے شاندار کھیل پیش کیا۔ پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن (PLTA) کے زیرِ اہتمام منعقدہ اس قومی چیمپئن شپ میں ملک بھر سے آئے ہوئے امید افزا جونیئر کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی اعزازات کے حصول کے لیے نبرد آزما ہیں۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایچیسن کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایس ایم تراب حسین تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر پی ایل ٹی اے کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر راشد ملک (ستارہ امتیاز و تمغہ امتیاز)، ٹورنامنٹ ریفری سجاد رسول، اسسٹنٹ ریفری عاصم رضا اور ٹورنامنٹ کوآرڈینیٹر فہیم صدیقی سمیت کھلاڑی، ان کے والدین، کوچز اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راشد ملک نے تمام شریک کھلاڑیوں کو پُراعتماد انداز، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے ساتھ کھیلنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چیمپئن شپ نئے ابھرتے ہوئے ٹینس ٹیلنٹ کی نشاندہی اور تربیت میں اہم کردار ادا کرے گی جس سے یہ نوجوان آگے چل کر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے قابل ہو سکیں گے۔ انہوں نے قومی سطح کے اس ایونٹ کے انعقاد میں مکمل تعاون فراہم کرنے پر ڈاکٹر ایس ایم تراب حسین اور ایچیسن کالج انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
بوائز انڈر 18 کے پہلے راؤنڈ کے مقابلوں میں ابوبکر طلحہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہارون عارف کو 0-6، 0-6 سے شکست دی۔ عمر جواد نے فیضان حیدر کے خلاف اسی تناسب (0-6، 0-6) سے یکطرفہ فتح حاصل کی۔ عالیان علی نے عبداللہ ذیشان کو 0-6، 1-6 اور عبداللہ یوسف نے عبدالرحمٰن کو 0-6، 1-6 سے ہرایا۔ دیگر کامیاب کھلاڑیوں میں عامر مزاری، عبداللہ رزاق، حمزہ علی رضوان، مہد راشد، ارہم طارق، ایم معاذ اور امیر عباس بھگٹ شامل تھے۔ احمد فرید یاور نے پہلے سیٹ میں ناکامی کے بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے ابراہیم احمد کو 6-0، 4-6، 3-6 سے شکست دی۔
بوائز انڈر 14 کیٹیگری میں بھی کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس دکھائی۔ ایم ابراہیم حسین گل نے مہد راشد کو 0-4، 0-4 سے ہرا دیا جبکہ ایم معاذ، احمد فرید یاور اور ابراہیم لغاری نے بھی اپنے اپنے میچز سٹریٹ سیٹس میں جیتے۔ شایان آفریدی نے ہادی علی رضوان کو 1-4، 0-4 سے اور دانیال عبداللہ نے امیر عباس بھگٹ کو 1-4، 3-5 سے ہرا کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔







