
بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، دہشت گردوں نے نوکچہ میں خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے، 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11دہشت گرد مارے گئے تھے
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختون خوا کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا







