
سعودی عرب میں حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں 13 شہری زخمی ہوگئے۔
سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ پیر کے روز حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے متعدد حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حملوں میں خمیس مشیط، ابہا اور طائف شہروں میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
حملوں کے نتیجے میں 13 افراد معمولی سے درمیانے درجے تک زخمی ہوئے جبکہ 7 مکانات اور 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
المالکی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ان دانستہ اور بار بار کیے جانے والے حملوں کا سلسلہ دہشتگرد حوثی ملیشیا کے طرزِ عمل اور انتہا پسندانہ نظریے کو ثابت کرتا ہے، جس میں کشیدگی بڑھانا اور شہری تنصیبات و شہریوں کو نشانہ بنانا شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحادی افواج کی مشترکہ کمانڈ سعودی عرب کی خودمختاری، شہری تنصیبات اور شہریوں کو ان سنگین حملوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ذمہ دارانہ اور سخت کارروائی کرے گی۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج حقِ دفاع کے اصول کے مطابق کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یمنی حوثیوں نے سعودی عرب کے کنگ خالد ائیر بیس پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔







