بھارتی گلوکار فائرنگ کے واقعے میں بال بال بچ گئے

بھارت کے معروف پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کینیڈا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں بال بال بچ گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ برٹش کولمبیا کے شہر ایبٹسفورڈ میں ان کے کنسرٹ کے بعد پیش آیا۔
ایبٹسفورڈ پولیس کے مطابق 5 ستمبر کی رات 11 بجے میکلم روڈ کے علاقے میں ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی بلٹ پروف گاڑی ایمی ورک کے کنسرٹ سے منسلک قافلے کا حصہ تھی، گاڑی پر 7 گولیاں چلائی گئیں۔
پولیس نے فی الحال اس بات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی کہ فائرنگ کرنے والوں کا اصل ہدف کون تھا۔
فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کے کچھ دیر بعد پولیس کو قریب ہی ایک گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع بھی ملی، جائے وقوع پر پہنچنے پر اہلکاروں نے سنی سائیڈ پلیس کے علاقے میں ایک گاڑی کو مکمل طور پر جلا ہوا پایا۔
اب پولیس یہ تفتیش بھی کر رہی ہے کہ آیا یہ گاڑی میں آگ لگنا فائرنگ کے واقعے سے منسلک ہے یا نہیں۔
دوسری جانب ایمی ورک کے والد کُلجیت سنگھ نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں ایمی ورک یا ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔







