
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نئی دہلی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈلائن ہے، ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائیگا، چاہتے ہیں دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے، فیلڈ مارشل و افواج پاکستان کو معرکہ حق کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نا سمجھا جائے، ہم خطے میں استحکام کی ضمانت بن چکے ہیں، فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، افغانستان اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے فی الفور روکے، مکہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں امن کی علامت ہے، صدر ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، پاک بھارت جنگ بندی سے لاکھوں جانیں بچائیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایران امریکا جنگ بندی میں فیلڈ مارشل، نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ نے اہم کردار ادا کیا، امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کی شب قومی اتحاد وحدت ،یکجہتی اور دفاع وطن کے عزم مصمم کی علامت یادگار فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یادگار فتح کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کی قیادت، سروسز چیفس، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی، وفاقی وزرا ء،غیر ملکی سفارت کاروں، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز،وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، ارکان پارلیمنٹ اور بڑی تعداد میں سول وعسکری حکام موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کی انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کے حضور سربسجود ہیں جس نے ہمیں آزاد وطن سے نوازا۔ وزیراعظم نے معرکہ حق میں عظیم کامیابی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسکا غرور خاک میں ملا دیا۔ یہ معرکہ تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان کی قیادت میں افواج کا کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 ماہ کے قلیل عرصے میں یادگار فتح کی شاندار تعمیر فیلڈ مارشل کی ذاتی دلچسپی کا نتیجہ ہے، یہ یادگار فتح قومی اتحاد کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر معطل کرکے خود کو امن کا دشمن ثابت کیا ہے۔وزیر اعظم نے نئی نسل کو ترقی کے نئے مواقع کی فراہمی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔ نئی نسل کیلئے ترقی کے دروازے کھولنا ہیں۔ انسانی وسائل کو ترقی دیکر ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک تبدیلی وہ ہے جو سیاست اور معیشت کے میدان میں آرہی ہے اور ایک آئی ٹی اور اے آئی نے پیدا کی ہے۔نئی دنیا میں جینے کے طور طریقے بھی نئے ہیں۔ آج کی دنیا میں وہ قوم زندہ رہے گی جو اے آئی اور آئی ٹی کیساتھ جینے کا ہنر جانتی ہو گی۔ ان تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایران امریکا جنگ کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ اس سلسلے میں فیلڈ مارشل کا تاریخی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال برادر اسلامی ملک سعودی عرب سے دفاعی معاہدہ کیا ۔حال ہی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کئے۔ یہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے لئے امن کی نوید اور دنیا میں استحکام کی علامت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور چٹان سے زیادہ مضبوط ہے۔ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے کردار کو لائق تحسین قرار دیا اور کہا کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے سعودی عرب، قطر، کویت ، ترکیہ، آذربائیجان اور دیگر برادر اسلامی ممالک کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان سے ہمارے تعلقات پھلتے پھولتے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ جنگ کی طرح امن کے وقت میں بھی قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے۔ ہم سب پاکستان کے وارث، اختلافات دشمنی میں تبدیل نہیں ہونے چاہئیں





