تازہ ترینخبریںسپورٹسپاکستان

یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں خاتون محتسب پنجاب کے دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد

 

لاہور: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں خاتون محتسب پنجاب کے دفتر میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قومی پرچم کشائی، کیک کاٹنے اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے قومی پرچم لہرا کر تقریب کا آغاز کیا جبکہ بعد ازاں یومِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی جذبے کے تحت پاکستان کی ترقی و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے کہا کہ 14 اگست ہمیں آزادی کی عظیم نعمت کی قدر کرنے، قومی اتحاد کو فروغ دینے اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور ایک مضبوط، خوشحال اور پرامن پاکستان کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی، قانون کی بالادستی اور خواتین کو انصاف کی بروقت فراہمی ہی حقیقی معنوں میں پاکستان کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

Back to top button