
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےا یک بار پھر دھمکی دیتے ہوئےکہا ہے کہ مذاکرات جاری ہیں، ایران کو تباہ کن کارروائی سے پہلے آخری موقع دینا چاہتا ہوں، ڈیل نہ ہوئی تو اسے تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہاکہ ہم اس وقت ایران سے بات چیت کر رہے ہیں، اور یہ ایران کی درخواست پر ہو رہی ہے۔ اس عمل کی حمایت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بالخصوص قطر کر رہے ہیں، جبکہ کئی دیگر ممالک نے بھی رابطہ کیا ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کرتے ہوئے کہا اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے لیے ایک اچھے معاہدے پر دستخط کرنے کا یہ آخری موقع ہوگا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو تباہ کن کارروائی سے پہلے ہر ممکن آخری موقع دینا چاہتا ہوں، امید ہے ایران عقل سے کام لے گا اور درست فیصلہ کرے گا، ایران ڈیل پر رضا مند نہ ہوا تو اسے تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شایدکوئی پیشرفت دیکھنے کو ملے،لیکن تباہی سے قبل ایران کو ہر ممکن آخری موقع دینا چاہتا ہوں۔
اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی آزادی برقرار رہنی چاہیے، میں ایران کو اس پر کوئی فیس وصول نہیں کرنے دوں گا۔ اگر کوئی فیس وصول کرے گا تو وہ ہم ہوں گے، کیونکہ مکمل کنٹرول ہمارے پاس ہے۔






