
وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر امیرمقام نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے وفاقی حکومت کو الٹی گنتی کی دھمکی پر ردعمل میں کہا انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اگر ہم گئے تو سب اکٹھے جائیں گے۔
مظفرآباد کے علاقے کھاوڑا میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا میرپور کے عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیا، پیپلز پارٹی کو الزامات کے بجائے اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ عوام نے اسے کیوں مسترد کیا۔
امیر مقام کا کہنا تھا آزاد کشمیر میں حکومت اور انتظامیہ پیپلز پارٹی کے زیرِ اثر ہے، اس لیے بےبنیاد الزامات لگانے کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا پیپلز پارٹی کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ خود اسی نظام کا حصہ ہے اور اہم آئینی عہدوں پر فائز ہے، بار بار دھمکیاں، انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اگر ہم گئے تو سب اکٹھے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا اگر آزاد کشمیر کے انتخابات چوری کیے تو لکھ لیں آپ کی وفاقی حکومت کی اُلٹی گنتی شروع ہو جائے گی
بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے سوال کیا کہ گلگت بلتستان الیکشن میں پیپلزپارٹی حکومت بنائے تو الیکشن شفاف، کشمیر میں بلاول ہار گئے تو دھاندلی ہوگئی؟







