
اردن، بحرین اور کویت نے اطلاع دی ہے کہ امریکا کی جانب سے مسلسل 13 ویں روز حملوں کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی تیز کرتے ہوئے میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے گلف ممالک پر کیے گئے ان تازہ حملوں میں کویت کی عراق سے ملحق العبدلی سرحدی گزرگاہ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی صدر کے دفتر کے سربراہِ پروٹوکول عباس موسوی نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ جواب ’آنکھ کے بدلے آنکھ‘ یا ’سر کے بدلے سر‘ نہیں بلکہ ’ایک آنکھ کے بدلے تمہارا پورا جسم‘ ہو گا
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب مارکو روبیو نے کہا تھا کہ اگر ایران نے امریکا کو نشانہ بنایا تو واشنگٹن اس کے جواب میں پہلے سے زیادہ سخت فوجی کارروائی کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران پر ’پہلے سے کہیں زیادہ بڑی‘ فوجی کارروائی کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس حوالے سے فیصلہ کرنے کے قریب ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان اجلاس کے موقع پر کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن ایران ہماری شرائط پر عمل کرنے کے لیے تیار نہیں۔






