
ایرانی اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ مذاکرات کاروں نے 10روزہ جنگ بندی کی تجویز دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ ایران، امریکا عبوری معاہدے کی بحالی کےلیے تجویز دی گئی ہے، مذاکرات کاروں نے ایران امریکا کشیدگی میں کمی کیلئے بھی تجویز پیش کی ہے۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ جنگ بندی کا مقصد مفاہمتی یادداشت کو بحال کرنے کے طریقے تلاش کرنا ہے، جنگ بندی تجویز میں آبنائے ہرمز کو 10 دنوں سے دو ہفتوں کیلئے کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران بھی امریکا کے ساتھ ثالثوں کے ذریعے سفارتی رابطے فعال ہیں، ثالثوں کے ذریعے تجاویز ہم تک پہنچائی گئی ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران، اپنے قومی مفادات کی بنیاد پر جنگ اور سفارت کاری دونوں کا راستہ اختیار کرتا ہے، سفارت کاری ایک ایسا ذریعہ ہے جس کے ذریعے قومی مفادات اسی طرح حاصل کرتے ہیں جیسے جنگ کے ذریعے کرتے ہیں۔







