
پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں آج سرکاری ملازمین اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، تاہم راولاکوٹ اور سدھنوتی میں امن و امان کی صورتحال کے باعث پولنگ نہیں ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں سے وابستہ تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار ملازمین ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، جن کے لیے آٹھ اضلاع میں پولنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔
دوسری جانب راولاکوٹ کی پانچ اسمبلی نشستوں پر انتخابی سرگرمیاں امن و امان کی خراب صورتحال اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے جاری احتجاج سے متاثر رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امیدوار مکمل آزادی کے ساتھ انتخابی مہم نہیں چلا سکے، تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کسی امیدوار کی جانب سے باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے، جبکہ انتخابی مہم 25 جولائی کی رات 12 بجے اختتام پذیر ہوگی۔







