
صدرِ مملکت آصف علی زرداری دورے پر کرغیزستان پہنچے جہاں ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کرغیزستان کے صدر سادیر جیاپاروف نے آصف علی زرداری کا استقبال کیا، اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
پاکستان اور کرغیزستان کے صدور کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کرغیزستان ایک خوبصورت ملک ہے، یہاں آ کر خوشی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں اور مہمان نوازی پر اپنے کرغیز ہم منصب اور حکومت کے شکر گزار ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنا وقت کا تقاضہ ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
دوسری جانب کرغیزستان کے صدر سادیر جیاپاروف نے کہا کہ کرغیزستان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، صحت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا جبکہ نوجوانوں اور عوام کے درمیان رابطہ مضبوط کرنے کے لیے مواقع پیدا کیے جائیں گے







