تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

بھارت: بیوی نے ٹوائلٹ کلینر کا انجیکشن لگا کر شوہر کو قتل کردیا

بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک بیوی نے مبینہ طور پر اپنے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پولیس کو اس واقعے کا علم اس وقت ہوا جب 35 سالہ مقتول پرشانت کی والدہ نے یکم جولائی کو تھانے میں شکایت درج کروائی۔ والدہ کے بیان کے مطابق پرشانت خلیجی ملک میں ملازمت کرتا تھا، اور انہیں اپنے بیٹے کی وطن واپسی یا اس کی موت سے قبل پیش آنے والے حالات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔
مقتول کی والدہ نے بیٹے کی موت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے بہو سندھیا پر شبہ ظاہر کیا، جس پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور سندھیا سمیت اس کے مبینہ دوست انیل کو گرفتار کر لیا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ سندھیا کے انیل کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، اور دونوں نے پرشانت کو راستے کی رکاوٹ سمجھتے ہوئے اسے راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ اس مقصد کے لیے مبینہ طور پر ایک کرائے کے قاتل، وینکٹا سائی، کی خدمات حاصل کی گئیں۔
پولیس کے مطابق وینکٹا سائی پرشانت کے گھر گیا، اسے کثیر مقدار میں شراب پلائی، اور بعد ازاں چھت پر لے جا کر نیچے دھکا دے دیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے علاج بھی کروایا گیا۔
تاہم گھر واپسی کے بعد، مبینہ طور پر انیل کی ہدایت پر سندھیا نے کینولا کے ذریعے پرشانت کو ٹوائلٹ کلینر اور بے ہوشی کی دوا کا انجیکشن لگایا اور اسے پلنگ سے نیچے گرا دیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button