
ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے خلیج میں رات گئے ہونے والی کارروائیوں کی مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے امریکا کو سخت پیغام دیا ہے کہ ایرانی مفادات پر کسی بھی حملے کا جواب پہلے سے زیادہ شدید انداز میں دیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق گزشتہ شب امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے جواب میں ایرانی بحریہ نے پانایا نامی ایک ایسے بحری جہاز پر میزائل داغے جو امریکی اور اسرائیلی مفادات سے وابستہ تھا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس کے بعد امریکی فوج نے قشم جزیرے پر واقع ایک ایرانی مواصلاتی ٹاور کو بھی نشانہ بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس کے ردِعمل میں ایرانی فضائیہ نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے خطے میں موجود ایک امریکی فضائی و ہیلی کاپٹر اڈے اور امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا۔
ایرانی فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب مختلف اور زیادہ سخت انداز میں دیا جائے گا اور ہم نے اپنے وعدے پر عمل کیا ہے







