
اسلام آباد انتظامیہ نے توانائی کے مؤثر استعمال اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے وفاقی دارالحکومت میں کاروباری مراکز کے اوقات کار سے متعلق نئے ضوابط نافذ کر دیے ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آج سے اسلام آباد کی تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز اور اسپتال اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے اور معمول کے مطابق اپنی خدمات جاری رکھ سکیں گے۔ اسی طرح پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی معمول کے اوقات کے مطابق کھلے رہیں گے تاکہ شہریوں کو ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق شادی ہالز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس اور تندور رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے، جبکہ کریانہ اسٹورز، سبزی و پھل فروشوں اور بیکری شاپس کو بھی رات 10 بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ شہریوں اور تاجروں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔







