
وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
پرائم منسٹر (پی ایم) آفس کے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف اور علیوف کے درمیان نہایت گرمجوشی سے خیر سگالی پر مبنی گفتگو ہوئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا اور دونوں ممالک میں مضبوط برادرانہ تعلقات اور دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے دوران گفتگو آئندہ ہفتے باکو میں ورلڈ اربن فورم کے کامیاب انعقاد کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ آذربائیجان کی قیادت میں یہ فورم عالمی شہری ترقی کا ایجنڈا آگے بڑھانے کےلیے مؤثر اور اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر علیوف سے گفتگو میں ناگزیر سرکاری مصروفیات کے باعث ذاتی طور پر فورم میں شرکت سے معذرت کی اور کہا کہ پاکستان کی فورم میں اعلیٰ سطح نمائندگی ہوگی۔
دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال بالخصوص مشرق وسطیٰ میں جاری امن کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جبکہ صدر علیوف نے ایران امریکا جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کی کامیاب سفارتی کاوشوں کو سراہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان اوراس کی قیادت پرعالمی برادری کے اعتماد اور بھروسے کا واضح مظہرہے







