
*مصر کی زینہ زین ‘کے ٹو اسکواش پی ایس اے ویمنز چیلنجر’ کی چیمپئن بن گئیں*
لاہور: ون ورلڈ اسکواش کے زیرِ اہتمام ‘کے ٹو اسکواش پی ایس اے ویمنز چیلنجر 6 کے چیمپئن شپ 2026’ شاندار فائنل اور اختتامی تقریب کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ یہ کے ٹو اسکواش کلب کی تاریخ کی پہلی خواتین کی بین الاقوامی چیمپئن شپ تھی۔
ٹورنامنٹ کے فائنل میں ٹاپ سیڈ مصر کی زینہ زین نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھرڈ سیڈ امریکہ کی لوسی اسٹیفانونی کو 1-3 سے شکست دی۔ زینہ زین نے یہ مقابلہ 34 منٹ میں 9-11، 7-11، 11-8 اور 3-11 کے اسکور سے جیتا۔ فاتح کھلاڑی کو 1,140 ڈالر جبکہ رنر اپ لوسی اسٹیفانونی کو 720 ڈالر بطور انعام دیے گئے۔
اختتامی تقریب اور اعزازات
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ون ورلڈ اسکواش کے بانی کرامت اللہ خان اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد نوید عالم تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔
کرامت اللہ خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارا مقصد امریکہ میں اسکواش کا فروغ ہے، ہم اگلے برس انعامی رقم میں اضافے کے ساتھ اس ٹورنامنٹ کے دوبارہ انعقاد کے منتظر ہیں۔” انہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد نوید عالم کی محنت اور بین الاقوامی تجربے کی خصوصی تعریف کی۔
ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد نوید عالم نے تمام شرکاء اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلی ویمنز انٹرنیشنل چیمپئن شپ کی کامیاب میزبانی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اور مقابلوں کا معیار انتہائی بلند رہا۔ یہ ایونٹ مستقبل میں بڑے ٹورنامنٹس کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔







