تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

وائٹ ہاؤس: اعشایئے کے دوران امریکی صدر کی موجودگی میں فائرنگ، حملہ آور گرفتار

واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاؤس کے میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم صدر ٹرمپ محفوظ رہے جبکہ مبینہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔

 

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہلٹن ہوٹل میں اس وقت پیش آیا جب تقریب کا باقاعدہ آغاز ہی ہوا تھا۔ تقریب میں تقریباً 2 ہزار 600 سے زائد افراد شریک تھے کہ اچانک زور دار آواز سنائی دی، جس کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث ہال میں ہلچل مچ گئی۔ شرکا نے اپنی جان بچانے کے لیے میزوں کے نیچے پناہ لی، جبکہ سیکریٹ سروس کے اہلکار فوری طور پر صدر ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کر گئے۔

 

رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے چند لمحے قبل صدر ٹرمپ کو ایک پرچی دی گئی تھی، اسی نوعیت کی ایک پرچی وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ کو بھی دکھائی گئی، جس کے بعد صورتحال کی سنگینی واضح ہوئی اور سکیورٹی اقدامات تیز کر دیے گئے۔

 

میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام سربراہ جیف کیرول کے مطابق مبینہ حملہ آور کے پاس ایک شاٹ گن، ایک ہینڈ گن اور متعدد چاقو موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سیکریٹ سروس اہلکار زخمی ہوا جسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا اور اس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

 

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور خود گولی لگنے سے محفوظ رہا اور ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک اکیلا حملہ آور تھا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے کے بعد عوام کو کسی فوری خطرے کا سامنا نہیں۔

 

واقعے کے بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ پر سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی، جس میں ایک شخص کو ہوٹل کے بال روم کی جانب دوڑتے اور فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں سکیورٹی اہلکاروں کو فوری ردعمل دیتے ہوئے اپنے ہتھیار نکالتے بھی دیکھا گیا۔

 

صدر ٹرمپ کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں ایک شخص کو نیم برہنہ حالت میں زمین پر قابو کیا گیا دکھایا گیا ہے، جسے مبینہ حملہ آور قرار دیا جا رہا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ سکیورٹی ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ حملہ آور ہوٹل کے اندر اسلحہ لے جانے میں کیسے کامیاب ہوا۔

جواب دیں

Back to top button