شوگر پالیسی، معیشت کا نیا رخ

اداریہ۔۔۔۔
شوگر پالیسی، معیشت کا نیا رخ
پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجز میں ایک بڑا مسئلہ ایسے شعبوں کا بھی ہے جہاں حکومتی ضابطوں، غیر ضروری پابندیوں اور محدود کاروباری مسابقت نے مارکیٹ کے قدرتی نظام کو متاثر کر رکھا ہے۔ شوگر سیکٹر بھی طویل عرصے سے اسی نوعیت کے مسائل کا شکار رہا ہے۔ چینی کی قیمتوں، گنے کی خریداری، شوگر ملوں کی پیداواری صلاحیت اور برآمدات جیسے معاملات میں حکومتی مداخلت کے باعث ایک ایسا پیچیدہ نظام تشکیل پاگیا تھا جس میں کاشت کار، صارفین اور کاروباری حلقے مختلف مشکلات کا سامنا کرتے رہے۔ ایسی میں وفاقی کابینہ کی جانب سے تمام صوبوں کے اتفاق رائے سے قومی شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری ایک اہم معاشی پیش رفت ہے، جو اس شعبے کو حکومتی کنٹرول سے نکال کر مسابقتی اور مارکیٹ بیسڈ نظام کی طرف لے جانے کی بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔ اس فیصلے کی اہمیت محض چینی کی صنعت تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات زرعی معیشت، صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور عام صارف کی قوت خرید تک پھیل سکتے ہیں۔ پاکستان میں گنا ایک اہم نقد آور فصل ہے اور اس کی پیداوار سے لاکھوں کاشت کاروں کا روزگار وابستہ ہے۔ تاہم ماضی میں گنے کی خریداری اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر متعدد اعتراضات سامنے آتے رہے ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت کاشت کاروں کو اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنے کی آزادی ملنے سے انہیں بہتر قیمت حاصل کرنے اور خریداروں کے درمیان مسابقت سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکتا ہے۔ یہ تبدیلی زرعی معیشت میں کاشت کار کی سودے بازی کی قوت بڑھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان اصلاحات کا ایک اہم پہلو شوگر ملوں کے قیام اور پیداواری صلاحیت سے متعلق پابندیوں کا خاتمہ بھی ہے۔ جب صنعت کاروں کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق سرمایہ کاری، پیداواری استعداد اور کاروباری فیصلوں کی آزادی حاصل ہوگی تو نئے سرمایہ کاروں کی آمد اور صنعتی توسیع کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔ تاہم اس آزادی کو اجارہ داری میں تبدیل ہونے سے روکنا بھی ضروری ہے۔ اگر چند بڑے صنعتی گروہ مارکیٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرلیں تو ڈی ریگولیشن کا بنیادی مقصد ہی متاثر ہوسکتا ہے۔ اس لیے مسابقتی کمیشن اور متعلقہ اداروں کو منصفانہ تجارت، شفاف قیمتوں اور کاروباری مقابلے کی نگرانی موثر انداز میں کرنا ہوگی۔ چینی کی درآمد اور برآمد کے لیے شفاف اور قابل پیش گوئی طریقہ کار متعارف کرانے کا فیصلہ بھی قابل توجہ ہے۔ ماضی میں برآمدی اجازت، درآمدی ضروریات اور سرکاری سبسڈی جیسے معاملات نے اکثر پالیسی کے تسلسل اور مارکیٹ کے اعتماد کو متاثر کیا۔ نئی پالیسی کے تحت برآمدی سبسڈی ختم کرنے سے قومی خزانے پر غیر ضروری مالی بوجھ کم کرنے اور عالمی منڈی میں حقیقی مسابقت کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔ تاہم اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ برآمدات کی آزادی کے نام پر مقامی مارکیٹ میں چینی کی قلت یا قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی صورت حال پیدا نہ ہو۔ ملکی ضروریات، ذخائر اور پیداوار کا درست تخمینہ لگانے کے لیے موثر نگرانی کا نظام ناگزیر ہوگا۔ اسی طرح ملک بھر میں چینی کی بین الصوبائی نقل و حرکت کو آسان بنانے کا فیصلہ بھی معاشی یکجہتی کے لیے اہم ہے۔ ایک صوبے میں پیدا ہونے والی چینی دوسرے صوبے تک بلا رکاوٹ پہنچ سکے تو رسد کا نظام بہتر ہوگا، کاروباری اخراجات کم ہوں گے اور مختلف علاقوں میں طلب و رسد کا توازن قائم رکھنے میں مدد ملے گی۔ آزادانہ تجارت کی راہ میں حائل غیر ضروری رکاوٹوں کا خاتمہ قومی منڈی کو مضبوط بنانے کی جانب مثبت قدم ہے۔ اس پالیسی میں کاشت کاروں اور شوگر ملوں کے لیے قرضوں تک آسان رسائی، جدید زرعی مشینری کے فروغ اور ایتھنول بلینڈنگ کو لازمی قرار دینے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ یہ پہلو اس اصلاحاتی عمل کو محض قیمتوں اور تجارت کی تبدیلی کے بجائے زرعی و صنعتی جدت سے جوڑتے ہیں۔ جدید مشینری سے گنے کی فی ایکڑ پیداوار، پانی کے مثر استعمال اور زرعی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے جب کہ ایتھنول کی تیاری اور استعمال سے گنے اور اس کے ضمنی اجزا کی معاشی افادیت بڑھانے کے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔ تاہم کسی بھی معاشی اصلاح کی کامیابی کا اصل پیمانہ اس کے اعلانات نہیں بلکہ عام آدمی کی زندگی میں آنے والی تبدیلی ہوتی ہے۔ حکومت کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ڈی ریگولیشن کا فائدہ صرف شوگر مل مالکان اور بڑے تاجروں تک محدود نہ رہے بلکہ کسان کو اس کی فصل کی مناسب قیمت، مزدور کو روزگار کا تحفظ اور صارف کو مناسب نرخوں پر چینی کی دستیابی بھی حاصل ہو۔ اس مقصد کے لیے شفاف معاہدوں، بروقت ادائیگیوں، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور مارکیٹ کی مسلسل نگرانی کا انتظام ضروری ہے۔ یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ قومی پالیسی کی منظوری میں سندھ، پنجاب سمیت تمام صوبوں نے اتفاق رائے کا مظاہرہ کیا۔ معاشی اصلاحات کی کامیابی کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل اس پالیسی کی منظوری پاکستان کی جانب سے ساختی معاشی اصلاحات کے عزم کا اظہار بھی ہے، لیکن اصل کامیابی عالمی مالیاتی اداروں کے اعتماد سے آگے بڑھ کر قومی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے میں ہوگی۔ پاکستان کو اب ایسی معیشت کی ضرورت ہے جہاں کاروبار حکومتی سرپرستی کے بجائے شفاف قواعد، آزادانہ مسابقت اور پیداواری صلاحیت کی بنیاد پر ترقی کرے۔ شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن اس سمت میں ایک اہم تجربہ ثابت ہوسکتی ہے۔ شرط صرف یہ ہے کہ آزادی کے ساتھ جواب دہی، مسابقت کے ساتھ انصاف اور منافع کے ساتھ عوامی مفاد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اگر حکومت اس پالیسی پر دیانت داری، مستقل مزاجی اور شفافیت سے عملدرآمد کرانے میں کامیاب ہوگئی تو یہ اصلاح نہ صرف چینی کی صنعت بلکہ پاکستان کے دیگر زرعی و صنعتی شعبوں کے لیے بھی ایک قابل عمل مثال بن سکتی ہے۔
شذرہ۔۔۔
پاک، چین دوستی، خلا تک روشن سفر
پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی چین کے خلائی اسٹیشن تیان گونگ تک رسائی محض ایک سائنسی کامیابی نہیں بلکہ قومی وقار، نوجوان نسل کے خوابوں اور پاک چین دوستی کے نئے امکانات کی علامت ہے۔ چین کے خلائی مشن شینزو 24کے ذریعے پاکستانی خلا باز کا خلائی اسٹیشن پہنچنا اس حقیقت کا اظہار ہے کہ مضبوط سفارتی تعلقات، باہمی اعتماد اور مسلسل تعاون قوموں کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں۔ یہ لمحہ پاکستان کی تاریخ میں ایک یادگار سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ذیشان علی کا خلا میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز یقیناً پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ مزید اہم بات کہ وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی قرار پائے ہیں۔ اس کامیابی نے پاکستان کو عالمی خلائی منظرنامے پر ایک نئی شناخت دی ہے۔ خلائی اسٹیشن پر ان کا شاندار استقبال اور وہاں موجود خلا بازوں کے ساتھ گروپ تصویر اس تاریخی موقع کی خوب صورت یادگار ہے۔ یہ مناظر اس امید کو تقویت دیتے ہیں کہ سائنس اور تحقیق کی دنیا میں پاکستان کے لیے آگے بڑھنے کے امکانات موجود ہیں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ دونوں ممالک نے دفاع، تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا ہے۔ اب اس دوستی کا دائرہ زمین سے آگے خلا تک پہنچنا ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر اٹھارہ منٹ پر خلائی مشن کی روانگی کے وقت چین میں ہزاروں شہریوں کی موجودگی اور پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستانی سفیر کی شرکت نے اس موقع کی اہمیت کو مزید نمایاں کیا۔اس مشن کی کامیابی کا ایک پہلو سائنسی تحقیق بھی ہے۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق شینزو 24کے دوران نوے سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ پاکستانی خلا باز ذیشان علی اور ان کے دو چینی ساتھی قریباً ایک ہفتے تک خلائی اسٹیشن میں قیام کرکے مختلف تجربات میں حصہ لیں گے۔ یہ سرگرمیاں مستقبل کی خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی علم میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔ پاکستان کے لیے یہ موقع محض اعزاز حاصل کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے تحقیق، تربیت اور علمی ترقی کے مستقل راستے میں تبدیل کرنا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا ذیشان علی سے ملاقات کے دوران یہ کہنا کہ مشن میں صرف ایک فرد نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے، اس کامیابی کے قومی مفہوم کو واضح کرتا ہے۔ واقعی یہ کسی ایک شخص کی انفرادی کامیابی نہیں بلکہ اس کے پیچھے پاکستانی اداروں، سائنس دانوں، انجینئروں اور ان نوجوانوں کی امیدیں بھی شامل ہیں جو جدید علوم میں آگے بڑھنے کا خواب دیکھتے ہیں۔ ذیشان علی کا یہ کہنا کہ پاک چین دوستی کہکشاں تک پہنچ چکی ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات کی وسعت اور مستقبل کے امکانات کی ترجمانی کرتا ہے۔ تاہم قومی فخر کے اس لمحے کو عملی ترقی میں بدلنا بھی ضروری ہے۔ پاکستان کو خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلیمی اداروں، جامعات اور تحقیقی مراکز کے درمیان تعاون بڑھانا چاہیے۔ نوجوانوں کو فلکیات، انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور دیگر جدید سائنسی شعبوں کی تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ اسکولوں اور جامعات میں سائنسی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی، مستحق طلبہ کے لیے وظائف اور تحقیق کے لیے مناسب وسائل مختص کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی طرح پاکستان کے خلائی اداروں کو چین کے ساتھ مشترکہ تربیتی اور تحقیقی منصوبوں میں زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہ کامیابی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ترقی کے خواب صرف خواہش سے پورے نہیں ہوتے؛ ان کے لیے علم، منصوبہ بندی، محنت اور مسلسل سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے۔ ذیشان علی نے خلا میں پہنچ کر پاکستانی نوجوانوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ بلند اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں، بشرطیکہ مواقع، صلاحیت اور عزم کو یکجا کیا جائے۔ پاک چین دوستی کا یہ روشن باب آنے والی نسلوں کے لیے امید کا پیغام ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اس تاریخی کامیابی کو مستقبل کی سائنسی خودمختاری اور ترقی کی بنیاد بنائے۔






