روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا

روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا!
ضیاء الحق سرحدی
آج کی سیاسی کشمکش اور حالات دیکھ کر تاریخ کی وہ کہانی یاد آرہی ہے جسے دنیا نیرو کی بانسری کے نام سے جانتی ہے کہ جب روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا یعنی اپنی عوام اور رعایا کے مسائل سے بے خبر بادشاہ روم نیرو کو اپنے علاوہ کسی اور چیز کی کوئی فکر تھی نہ غم، اور جب روم کے اردگرد بادشاہ کے محل تک عوام کا سمندر آگ لگانے کے عمل سے گزر رہا تھا تو اس وقت نیرو دنیا سے بے خبر بانسری بجا رہا تھا اور محفل موسیقی سے لطف اندوز ہو رہا تھا اسے احساس تک نہیں تھا کہ میری عوام کے حالات زندگی کیا ہیں؟ انہیں کون سے مسائل درپیش ہیں؟ اور میرے پاس ان مسائل کے حل کیلئے منصوبہ بندی کیا ہونی چاہئے؟ نیرو ہر وقت اپنی عیاشیوں میں مصروف رہتا اس کہانی میں دنیا بھر کے حکمرانوں کیلئے ایک سبق ہے اور اشارے بھی کیونکہ رومی سلطنت کے بادشاہ ہونے کے ناطے پوری دنیا میں اس کی طاقت کا سکہ چلتا تھا مگر اسے تاریخ نے بادشاہت سے زیادہ اس کی بیوقوفی پر یاد کیا ہے۔ اس کہانی کے تھیم میں آج کے حکمران کیلئے پنہاں راز و نیاز اور حکمت عملی ترتیب دینے کی منصوبہ بندی عیاں ہے اگر کوئی اس سے فائدہ اٹھانا چاہے تو ؟ کیونکہ دنیا کی کوئی بھی طاقت اور حکومت اگر اپنی رعایا کی بہتری کا نہ سوچے، اس میں عام لوگوں کی فلاح و بہبود ترقی اور خوشحالی کا کوئی عنصر نہ ہو یا پھر عام لوگوں کی زندگی ابتر ہو اور حکمران عیاشیوں میں مصروف ہو تو ایسی بادشاہتیں اور حکومتیں زیادہ دیر تک نہیں چلتی اور اگر چلیں بھی تو تاریخ اسے نیرو کی بانسری کے نام سے یاد کرتی ہے نیرو کی بے حسی اور عوام کے ساتھ ظلم و ستم کو تاریخ نے اپنے اوراق میں جو جگہ دی ہے وہ بھی سبق لینے کیلئے کافی ہے اور جن حکمرانوں نے عوام کے دلوں پر حکومت کی، گڈ گورننس ، قانون کی بالادستی، سماجی حق اور انصاف، معاشی ترقی اور خوشحالی کو جن حکمرانوں اور بادشاہوں نے ترجیحات پر رکھا آج وہ زندہ ہیں۔ حضرت عمر فاروقؓ کو جس نے دنیا کے تمام حکمرانوں کیلئے حکمرانی کی ایک ایسی مثال قائم کی جسے مسلمانوں کے ساتھ دیگر اقوام بھی اپنی تاریخ کا حصہ بنا چکے ہے یا پھر عمر بن عبدالعزیز کو کون بھول سکتا ہے۔پاکستان میں اس وقت حالات جس نہج پر جا رہے ہیں اس کو تسلی بخش قرار دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ حکمران طبقہ ، حزب اختلاف اور دیگر مقتدر اداروں کی ترجیحات کچھ اور ہیں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان کو یہ فکر نہیں کہ عوام کس کرب سے گزر رہے ہیں ۔ مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ ان کو کیا پروا! وہ تو بیرون و اندرون ملک اپنے اثاثوں کو بڑھانے اور بچانے کی فکر میں ہیں۔ مقتدر افراد قانونی اور غیر قانونی کے چکروں میں سب کچھ بھلا چکے ہیں۔ جبکہ پیپلز پارٹی کی ترجیحات کچھ اور ہیں ان کو اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ کوئی مرتا ہے یا جیتا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ نان ایشوز میں الجھنے پر حکومت اور اپوزیشن کا ایکا کیا ہوا ہے۔ قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیوں نے کوئی خفیہ معاہدہ کیا ہوا ہے۔ توانائی کا بحران عوام، خصوصاً خیبر پختونخوا کیلئے عذاب بنا ہوا ہے کوئی پارٹی اس کے خلاف کیوں دھرنا یا مہم نہیں چلا رہی ہے حکومت نے ان کو مطمئن کیا ہے۔ مختصر یہ کہ حکمرانوں ، اپوزیشن اور اداروں نے پاکستان کو شہر نا پرسان بنایا ہے۔ اس پروگرام کی مثال صادق آئی ہے جب روم جل رہا تھا تو نیرو چین کی بانسری بجا رہا تھا ملک میں آگ لگی ہوئی ہے مگر ہماری قیادت چین سے دامن کوہ اور شکر پڑیاں میں بیٹھ کر عوام کی بے بسی کا تماشا دیکھ رہی ہے۔
اقتدار میں آنے سے قبل اپنی انتخابی مہم کے دوران پاکستان تحریک انصاف بڑے جوش و خروش سے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آکر کشکول توڑ دیں گے اور غیر ملکی اداروں سے قرضے لینے کے بجائے ایسی اقتصادی پالیسیاں تشکیل دیں گے کہ ملکی وسائل کے اندر ہتے ہوئے خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا لیکن اب خود حکومت نے جو اعداد و شمار پیش کئے ہیں اس سے اس کے غیر ملکی اداروں سے قرضے نہ لینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ حیرت انگیز امر ہے کہ اقتصادی نظام چلانے کیلے ملکی وسائل کو ترقی دینے کے بجائے غیر ملکی قرضوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں لئے گئے قرضے کہاں استعمال ہوئے اور ملکی ترقی میں ان کا کیا کردار رہا۔ عوام کی صورتحال تو یہ ہے کہ ان کی زندگیوں میں کوئی معاشی انقلاب دکھائی نہیں دیتا، بیروزگاری اور غربت میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہے۔ توانائی کا بحران بھی جوں کا توں ہے اور ابھی تک حکومت کوئی بڑا توانائی کا منصوبہ مکمل نہیں کر سکی۔ توانائی بحران کے باعث صنعتوں کی حالت بھی بہتر نہیں ہوسکی۔ حکومت نے اربوں ڈالر کے قرضے لئے۔ یہ قرضے کہاں گئے۔ اب بھی حکومت کی طرف سے کوئی ایسی پالیسی نظر نہیں آتی کہ آئندہ وہ اپنی معاشی پالیسیاں چلانے کیلئے غیر ملکی قرضے نہیں لے گی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ بھی حکومت قرضوں پے قرضے لے گی اور ملکی معیشت قرضوں کے بوجھ تلے دبتی چلی جائے گی۔ قارئین کرام! کیا پاکستان ایک غریب ملک ہے؟ یہ سوال ایک سوئس بینک ڈائریکٹر کا ہے، اس نے کہا ہے کہ پاکستان 97ارب ڈالر کی رقم سوئس بینکوں میں پڑی ہیں، جو کہ 30سال کیلئے ٹیکس فری بجٹ کیلئے کافی ہیں، 6کروڑ پاکستانیوں کو جاب دی جاسکتی ہے، ملک کے کسی بھی کونے سے اسلام آباد تک 4رویا سڑکیں بن سکتی ہیں، 500سے زیادہ پاور پراجیکٹس کے ذریعے ہمیشہ کیلئے فری بجلی دی جاسکتی ہے۔ ہر پاکستانی ماہانہ 20000روپے 60سال تک لے سکتا ہے اور ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے کسی بھی قرض کی ضرورت نہیں ہے۔
روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا۔





