پاکستان کا امن مشن اور سفارتکاری

اداریہ۔۔۔
پاکستان کا امن مشن اور سفارتکاری
پاکستان کی اصل طاقت صرف اس کے دفاعی وسائل، جغرافیائی اہمیت یا عسکری صلاحیت میں نہیں، بلکہ اس دانش مندی میں بھی پوشیدہ ہے جو اسے مشکل ترین حالات میں تصادم کے بجائے مکالمے کا راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں پاکستان کا کردار اسی حقیقت کا آئینہ دار ہے کہ پائیدار امن طاقت کے مظاہرے سے نہیں، اعتماد، تدبر اور مسلسل رابطوں سے جنم لیتا ہے۔ ایران کے ساتھ تعلقات اسی حکمتِ عملی کا ایک اہم امتحان ہیں۔ دونوں ممالک ہمسایہ بھی ہیں، برادر بھی، اور خطے کے امن و استحکام سے جڑے ہوئے مشترکہ مفادات بھی رکھتے ہیں۔ ایسے میں اعلیٰ سطح کے روابط محض رسمی ملاقاتیں نہیں بلکہ خطے کے مستقبل کے لیے اعتماد سازی کی اہم کوشش ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی راولپنڈی میں ملاقات اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حالات اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی ہم آہنگی کو پائیدار امن کے لیے ناگزیر قرار دیا، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ یہ اعتراف پاکستان کی سفارتی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اس موقع پر کردار قابلِ توجہ ہے۔ دفاعی قیادت کا منصب صرف سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی کی ذمے داری تک محدود نہیں ہوتا، بلکہ خطے میں امن کے لیے اعتماد سازی اور سفارتی رابطوں کو تقویت دینا بھی قومی مفاد کا تقاضا ہے۔ ان کی جانب سے ایران کے ساتھ مسلسل رابطے اور باہمی اعتماد پر زور دینا اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ مضبوط دفاع اور موثر سفارت کاری ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ ایک دوسرے کے معاون ہیں۔ پاکستان کا دفاعی عزم اسی وقت زیادہ بامعنی ہوتا ہے جب اس کے ساتھ امن، استحکام اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی سنجیدہ کوشش بھی جاری رہے۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات کی بنیاد محض مشترکہ سرحد نہیں، بلکہ صدیوں پر محیط تاریخ، مذہبی و ثقافتی رشتوں اور عوامی روابط پر قائم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، سرحدی انتظام، ٹرانسپورٹ، زراعت اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ تاہم ان امکانات سے حقیقی فائدہ اسی وقت اٹھایا جاسکتا ہے جب سرحدی سلامتی کے معاملات باہمی مشاورت سے حل ہوں، تجارت میں رکاوٹیں کم کی جائیں اور دونوں جانب کے کاروباری طبقے کو اعتماد اور سہولت فراہم کی جائے۔ یہ بھی خوش آئند ہے کہ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ 11نومبر کو وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ترکیہ میں ملاقات میں بھی دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے، علاقائی صورتحال اور سفارتی کوششوں کے ذریعے پائیدار امن کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی مشاورت اور قریبی رابطوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کی سفارت کاری کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ وہ خطے کے مسائل کو محاذ آرائی کے بجائے مکالمے کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ حالیہ علاقائی کشیدگی نے ثابت کیا ہے کہ کسی بھی تنازع کی آگ سرحدوں تک محدود نہیں رہتی؛ اس کے اثرات تجارت، توانائی، سرمایہ کاری، روزگار اور عام شہریوں کی زندگیوں تک پہنچتے ہیں۔ پاکستان جیسے ملک کے لیے، جس کی معیشت عالمی منڈیوں اور خطے کے تجارتی راستوں سے وابستہ ہے، امن محض ایک سیاسی نعرہ نہیں بلکہ معاشی ضرورت بھی ہے۔ اسی لیے ایران کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا پاکستان کے وسیع تر قومی مفاد سے جڑا ہوا ہے۔ دونوں ممالک کو اس امر پر خصوصی توجہ دینی چاہیے کہ ان کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف کسی کارروائی کے لیے استعمال نہ ہو، سرحدی علاقوں میں امن برقرار رہے اور کسی بھی غلط فہمی کو فوری رابطے اور مشترکہ حکمت عملی سے دور کیا جائے۔ اعتماد کی فضا قائم ہو تو نہ صرف سیکیورٹی کے مسائل کم ہوسکتے ہیں بلکہ تجارت اور عوامی روابط کے نئے دروازے بھی کھل سکتے ہیں۔ پاکستان کو اپنی سفارتی کوششوں کے ساتھ داخلی معاشی استحکام، سیاسی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی مضبوطی پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ امن کا پیغام اسی وقت زیادہ موثر ہوتا ہے جب ملک خود معاشی طور پر مضبوط، سیاسی طور پر مستحکم اور ادارہ جاتی اعتبار سے منظم ہو۔ حکومت، عسکری قیادت اور سفارتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی قومی خارجہ پالیسی کو تسلسل اور اعتماد فراہم کرتی ہے۔ آج پاکستان کو ایسے ہی تدبر، بصیرت اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ایران کے ساتھ رابطوں اور اعتماد سازی کی اہمیت اجاگر کرنا ایک مثبت پیغام ہے، جسے عملی تعاون اور مسلسل سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیے۔ ایران ہمارا ہمسایہ ہے اور اس کے ساتھ پُرامن، مستحکم اور با اعتماد تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہیں۔ دنیا کو یہ پیغام واضح طور پر پہنچنا چاہیے کہ پاکستان کسی نئی کشیدگی کا خواہاں نہیں، بلکہ خطے میں امن، احترام اور باہمی تعاون کا داعی ہے۔ پاکستان کی طاقت صرف اس کی دفاعی صلاحیت میں نہیں، بلکہ اس کے امن پسند قومی وژن، سفارتی وقار اور مشکل حالات میں مکالمے کا راستہ کھلا رکھنے کی صلاحیت میں بھی ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کو ایک ذمہ دار علاقائی قوت اور امن کے معتبر شراکت دار کے طور پر آگے لے جاسکتا ہے۔
شذرہ۔۔۔
بھارتی حکومت اور اقلیتوں کا تحفظ
کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان اس کی بلند عمارتیں، مضبوط معیشت یا سیاسی دعوے نہیں، بلکہ اس کا اپنے کمزور شہریوں اور مذہبی اقلیتوں کے ساتھ برتا ہوتا ہے۔ ریاست کی اصل عظمت اسی وقت نمایاں ہوتی ہے جب اکثریت کے ساتھ اقلیت کو بھی برابر کا تحفظ، عزت اور انصاف میسر ہو۔ مذہب، عقیدے یا شناخت کی بنیاد پر کسی شہری کو خوف میں مبتلا کرنا محض انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں، بلکہ معاشرتی تہذیب اور ریاستی ذمے داری کے منافی بھی ہے۔ بھارت میں مسلمانوں سمیت مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد، ہجومی حملوں اور املاک کی مسماری سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات نہایت تشویش ناک ہیں۔ اگر کسی شہری کا گھر، کاروبار یا جان اس کی مذہبی شناخت کے باعث خطرے میں ہو تو یہ صرف متاثرہ خاندان کا مسئلہ نہیں رہتا، بلکہ قانون کی بالادستی اور ریاستی انصاف پر بھی سوال اٹھاتا ہے۔ کسی بھی ریاست کی جمہوریت کا اصل امتحان انتخابات، سیاسی نعروں اور معاشی ترقی کے دعوں سے نہیں بلکہ اس کے شہریوں کو حاصل مساوی حقوق اور تحفظ سے ہوتا ہے۔ جس معاشرے میں مذہب، عقیدے اور شناخت کی بنیاد پر انسانوں کو خوف، تشدد اور امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑے، وہاں جمہوری اقدار محض آئینی کتابوں تک محدود ہوکر رہ جاتی ہیں۔ بھارت میں مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کے خلاف تشدد اور امتیازی اقدامات سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس اسی تلخ حقیقت کی نشاندہی کرتی ہیں۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی ( یو ایس سی آئی آر ایف) نے اپنی 2026ء کی رپورٹ میں بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے خصوصی تشویش کے حامل ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کی سفارش برقرار رکھی ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ بھی مسلمانوں کے خلاف ہجومی حملوں، نفرت انگیز تقاریر اور غیر قانونی مسماریوں جیسے واقعات کی نشاندہی کرتی ہے۔ اسی طرح سینٹر فار دی اسٹڈی آف آرگنائزڈ ہیٹ کی تحقیق کے مطابق 2025ء میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں اور مسیحیوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے 1318واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ یہ صورتحال محض چند انفرادی واقعات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسے معاشرتی ماحول کی عکاسی کرتی ہے جہاں نفرت انگیز سوچ کو روکنا ریاستی اداروں کے لیے ایک بڑا امتحان بن چکا ہے۔ کسی بے گناہ شہری کو محض مذہبی شناخت کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنانا، اس کی دکان یا گھر مسمار کرنا اور اسے بنیادی حقوق سے محروم کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہوسکتا۔ قانون کی حکمرانی کا تقاضا ہے کہ جرم کرنے والے کو سزا ملے، نہ کہ کسی پوری برادری کو اجتماعی طور پر اس کی قیمت ادا کرنا پڑے۔ بھارتی حکومت کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور متعلقہ ریاستی حکومتوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کریں، نفرت انگیز تقاریر اور مذہبی اشتعال انگیزی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور ہجومی تشدد میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ غیر قانونی مسماریوں اور امتیازی اقدامات کی شفاف تحقیقات بھی ناگزیر ہیں۔ میڈیا، عدلیہ، پولیس اور انتظامیہ کو بھی اپنی آئینی ذمے داریاں پوری کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔ مذہبی آزادی، جان و مال کا تحفظ اور انصاف تک یکساں رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، کسی حکومت کی طرف سے عطا کردہ رعایت نہیں۔ بھارت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عالمی سطح پر عزت اور اعتماد طاقت کے مظاہروں سے نہیں بلکہ انسانی حقوق کے احترام سے حاصل ہوتے ہیں۔ مذہبی تنوع اس کی کمزوری نہیں بلکہ ایک تاریخی حقیقت اور معاشرتی قوت ہے۔ اس تنوع کو نفرت کے بجائے برداشت، مساوات اور باہمی احترام سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ بھارتی حکومت محض جمہوریت اور سیکولر اقدار کے دعوے نہ کرے بلکہ اپنے عملی اقدامات سے ثابت کرے کہ اس کی نظر میں ہر شہری برابر ہے۔ کیونکہ ریاست کا فرض اکثریت کی خوشنودی نہیں، تمام شہریوں کے جان، مال، عزت اور مذہبی آزادی کی حفاظت ہے۔ یہی انصاف ہے، یہی جمہوریت کا تقاضا اور یہی پائیدار امن کی بنیاد ہے۔





