تازہ ترینخبریںسپورٹسپاکستان

پاکستان اوپن ایم ایم اے کے ستاروں کا جارجیا ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کا عزم

*پاکستان اوپن ایم ایم اے کے ستاروں کا جارجیا ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کا عزم*

*پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر عمر احمد کا ملک گیر ٹیلنٹ ہنٹ کے بعد عالمی سطح پر شاندار کامیابیوں کا ہدف*

لاہور: پاکستان اوپن مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) چیمپئن شپ 2026 کے کامیاب اور فاتح کھلاڑیوں نے رواں سال نومبر میں جارجیا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی ‘ورلڈ چیمپئن شپ’ میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے اور گولڈ میڈل جیتنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان اوپن ایم ایم اے چیمپئن شپ کے فائنل معرکے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہو گئے. واتین کے مقابلے میں ایٹم ویٹ (47.7 کلوگرام) میں سمیہ خان (یا سارہ خان) نے مومنہ ارشاد کو جبکہ اسٹرا ویٹ (52.2 کلوگرام) میں بشریٰ اختر نے بانو کو شکست دی۔ فلائی ویٹ (56.7 کلوگرام) کے معرکے میں اہم بیگ نے حجرہ بی بی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

مردوں کے مقابلوں میں فلائی ویٹ (56.7 کلوگرام) کیٹیگری میں محب اللہ نے مہیز ستی کو دھول چٹائی۔ اسٹرا ویٹ میں محمد سیف نے اورنگزیب احمد جبکہ شایان مہدی نے طیب کو شکست دی۔ فیڈر ویٹ (65.8 کلوگرام) میں راشد گجر نے محمد جبران کو مات دی، جبکہ بنٹم ویٹ (61.2 کلوگرام) میں شمس خان نے ذیشان اکبر کو شکست سے دوچار کیا۔ لائٹ ویٹ (70.3 کلوگرام) میں ابراہیم بٹ نے شاہد محمود پر برتری حاصل کی، ویلٹر ویٹ (77.1 کلوگرام) میں آصف اچکزئی نے محمد طلحہ کو ہرا دیا اور مڈل ویٹ (83.9 کلوگرام) میں خضر رحمان نے مصطفیٰ کے خلاف کامیابی سمیٹی۔

گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں نے اپنی اس کامیابی کا سہرا پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن اور بالخصوص اس کے صدر عمر احمد کی سرپرستی کے سر باندھا، جنہوں نے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی سطح پر نکھارنے کا موقع فراہم کیا۔ فاتحین نے اس عزم کو دہرایا کہ وہ نومبر میں جارجیا میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کریں گے۔

اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری علی حیدر گیلانی نے بطورِ مہمانِ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے صحت مند اور معیاری مقابلے نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور انہیں نکھارنے میں انتہائی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ یہ نہ صرف جوانوں میں خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں بلکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کا پلیٹ فارم بھی فراہم کرتے ہیں۔

پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے کہا کہ اس چیمپئن شپ کا بنیادی مقصد چاروں صوبوں اور علاقوں سے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے فائٹرز جارجیا میں شیڈول ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح کے پرچم گاڑیں گے۔

"میں ان تمام اسٹیک ہولڈرز کا تہہ دل سے ممنون ہوں جن کی مخلصانہ کاوشوں سے یہ ایونٹ کامیاب ہوا۔ بالخصوص ہم ACTIVIT اور اس کے سی ای او ڈاکٹر رضوان آفتاب احمد کے بے حد مشکور ہیں، جن کے مسلسل تعاون سے ہمارے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ حال ہی میں ‘علی سسٹرز’ کی بین الاقوامی کامیابی اس کی واضح مثال ہے۔”

جواب دیں

Back to top button