فیول ریلیف پیکیج: مزید ریلیف ناگزیر

فیول ریلیف پیکیج: مزید ریلیف ناگزیر
مشتاق الرحمان زاہد
وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے فیول ریلیف پیکیج کا اعلان بلاشبہ ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ایسے وقت میں جب عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھائو جاری ہے اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال نے عالمی معیشت کو شدید متاثر کر رکھا ہے، حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش ایک مثبت پیش رفت ہے۔ تاہم موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ اس ریلیف پیکیج کو ایک وقتی اقدام تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس میں بتدریج اضافہ بھی کیا جائے، تاکہ عام آدمی کو حقیقی معنوں میں سہارا مل سکے۔ پاکستانی عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور روزمرہ اخراجات کے بڑھتے ہوئے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی مشکلات کو مزید بڑھا رہا ہے۔ عالمی منڈی میں جس تیزی سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں، اس کے اثرات پاکستان میں بھی براہِ راست محسوس کیے جا رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 258روپے فی لٹر سے بڑھ کر 382روپے فی لٹر تک پہنچ چکی ہیں، جبکہ مستقبل میں مزید اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ یہ صورتحال صرف گاڑی چلانے والوں کے لیے پریشانی کا باعث نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات ایسی بنیادی ضرورت ہیں جن کا تعلق ملک بھر کی تقریباً تمام معاشی سرگرمیوں سے ہے۔ ٹرانسپورٹ ہو یا زراعت، صنعت ہو یا تجارت، اشیائے خوردونوش کی ترسیل ہو یا روزمرہ زندگی کی دیگر ضروریات، ہر شعبے پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اثر پڑتا ہے۔ جیسے ہی پٹرول کی قیمت میں معمولی سا اضافہ ہوتا ہے، اس کے اثرات فوری طور پر عام اشیاء کی قیمتوں پر پڑنے لگتے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ جاتے ہیں، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے، آٹا، چینی، دالیں اور دیگر اشیائے خوردونوش مہنگی کر دی جاتی ہیں۔ یوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سارا بوجھ بالآخر عام آدمی کے کندھوں پر منتقل ہو جاتا ہے۔
آج ملک بھر میں ایک عام شہری کے لیے اپنے گھر کا چولہا جلانا، بچوں کی تعلیم و تربیت کے اخراجات پورے کرنا اور روزمرہ ضروریات زندگی کو پورا کرنا پہلے ہی ایک مشکل مرحلہ بن چکا ہے۔ ایسے حالات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ اگر یہ سلسلہ اسی رفتار سے جاری رہا تو مہنگائی کا دبا مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جو ملکی معیشت اور عوام دونوں کے لیے لمحہ فکریہ ہوگا۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال بھی شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتی ہیں تو کیا پاکستان میں بھی ان قیمتوں کا فوری اطلاق ضروری ہے کیا عالمی منڈی کے ہر اتار چڑھائو کا بوجھ اسی وقت پاکستانی عوام پر منتقل کر دینا ایک مناسب پالیسی ہے یہ امر قابلِ غور ہے کہ عالمی منڈی سے پاکستان تک پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل، درآمد، ذخیرہ اندوزی اور تقسیم کا ایک باقاعدہ نظام موجود ہے۔ اس لیے عوامی مفاد میں یہ جائزہ لینا ضروری ہے کہ قیمتوں کے تعین کے لیے سابقہ پندرہ روزہ نظام کو برقرار رکھا جائے یا ایسے طریقہ کار پر غور کیا جائے جس کے ذریعے عالمی منڈی کے فوری اتار چڑھائو کا اثر براہِ راست عوام پر نہ پڑے۔ اگر عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے بعد پاکستان میں بھی فوری طور پر قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے، تو عام آدمی کو اپنی آمدنی اور اخراجات میں توازن قائم کرنے کا موقع نہیں ملتا۔ اس کے برعکس اگر قیمتوں کا تعین کم از کم پندرہ روزہ بنیاد پر کیا جائے تو عوام کو کسی حد تک اپنے اخراجات کو منظم کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ اگر عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں تو اس کا فائدہ بھی عوام تک بروقت پہنچنا چاہیے۔ قیمتوں کے تعین کا نظام ایسا ہونا چاہیے جو نہ صرف شفاف ہو بلکہ عوامی مفاد اور ملکی معیشت دونوں کو مدنظر رکھتا ہو، وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے فی لٹر 100روپے ریلیف کا اعلان ایک مثبت قدم ہے، لیکن عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جس انداز سے اضافہ ہو رہا ہے، اس کے پیش نظر یہ ریلیف عوام کے لیے ناکافی ثابت ہو سکتا ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ فیول ریلیف پیکیج میں بھی بتدریج اضافہ کرے۔ جس جس طرح عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھیں گی اور اس کے مطابق پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا، اسی تناسب سے عوامی ریلیف میں بھی اضافہ ضروری تصور کیا جانا چاہیے۔ اگر قیمتیں بڑھتی رہیں اور ریلیف صرف ایک مقررہ رقم تک محدود رہا تو وقت گزرنے کے ساتھ اس ریلیف کی حقیقی افادیت کم ہوتی جائے گی۔ آج جو 100روپے فی لٹر ریلیف عوام کے لیے ایک بڑا سہارا محسوس ہو رہا ہے، قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں وہ آٹے میں نمک کے برابر رہ جائے گا۔ لہٰذا حکومت کو اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ فیول ریلیف پیکیج میں اضافے کا فیصلہ عوامی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ایک ضروری معاشی اقدام ہونا چاہیے۔
عالمی منڈی میں جاری غیر یقینی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے خدشات موجود ہیں۔ اگر قیمتوں میں اضافے کا یہ رجحان برقرار رہا تو خدشہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 500روپے فی لٹر تک بھی پہنچ سکتی ہیں۔
یہ صورتحال پاکستان جیسے ملک کے لیے انتہائی تشویشناک ہوگی، جہاں عوام کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی محدود آمدنی میں زندگی گزار رہی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 500روپے فی لٹر تک اضافہ نہ صرف عام شہری کی سفری ضروریات کو متاثر کرے گا بلکہ اشیائے خوردونوش، کرایوں، کاروباری اخراجات اور مجموعی مہنگائی میں بھی مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ ایسے میں حکومت کو قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرنے کے بجائے اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ عوام کو یہ یقین دلانا ہوگا کہ مشکل وقت میں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور مہنگائی کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی,پاکستانی عوام نے ہمیشہ مشکل حالات میں ملک کا ساتھ دیا ہے۔ ٹیکسوں کی ادائیگی ہو، معاشی مشکلات برداشت کرنا ہوں یا مہنگائی کے اثرات کا سامنا، عوام نے ہر دور میں قربانیاں دی ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت بھی عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنے کے لیے حکومت کو کئی پہلوں پر غور کرنا ہوگا۔ فیول ریلیف پیکیج میں اضافہ، قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کا ازسرِنو جائزہ، پندرہ روزہ نظام کی افادیت، اور عوام پر اضافی بوجھ کم کرنے کے لیے موثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اضافے کو عوام کے لیے ایک مستقل بحران بننے سے روکے۔ اگر عالمی سطح پر قیمتیں بڑھ رہی ہیں تو عوامی ریلیف میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ اگر قیمتیں کم ہوتی ہیں تو اس کا فائدہ بھی عوام تک پہنچایا جائے۔ یہی ایک متوازن اور عوام دوست پالیسی کی علامت ہوگی۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے فیول ریلیف پیکیج کا اعلان ایک قابلِ تحسین قدم ہے، لیکن موجودہ حالات میں اس پیکیج کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستانی عوام جس پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں، اس کا تقاضا ہے کہ حکومت ریلیف پیکیج میں بتدریج اضافہ کرے۔
عوام کو ایسا عملی ریلیف درکار ہے جو ان کے روزمرہ اخراجات میں کمی لا سکے۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے اور عوامی مفاد میں ایسے فیصلے کرے جن سے مہنگائی کے اس شدید دبائو کو کم کیا جا سکے۔
عوام کو حقیقی ریلیف اسی وقت ملے گا جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ حکومتی فیول ریلیف پیکیج میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ یہی وقت کا تقاضا ہے اور یہی عوام کی آواز ہے۔





