تازہ ترینخبریںدنیاسپورٹس

کرکٹ ایک بار پھر سیاست کی نذر، ایشیا کپ کی فاتح بھارتی ویمنز ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا

ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی ویمنز ٹیم نے چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کرکے ایک بار پھر کرکٹ کو سیاست کی نذر کر دیا۔

دبئی میں ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ فائنل کے انعامات دینےکی تقریب ہوئی جس میں اے سی سی کے صدر محسن نقوی اسٹیج پر موجود تھے۔ تاہم بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم کے باہر دائرہ بناکر موجود رہی اور گراؤنڈ میں نہیں آئی جس کے باعث بھارتی ٹیم کے بغیر ہی تقریب مکمل ہوئی اور بھارتی ویمنز ٹیم نے ٹرافی وصول نہیں کی جس پر ٹرافی اے سی سی نے رکھ لی۔

اے سی سی ذرائع نے واضح کیا ہےکہ اگر فاتح ٹیم نے ٹرافی وصول کرنی ہے تو محسن نقوی سے ہی وصول کرےگی۔

دوسری جانب سری لنکا ویمن ٹیم کی کپتان چماری اتاپتو نے چیئرمین اے سی سی محسن نقوی سے رنرز اپ انعام وصول کرلیا۔

ذرائع اے سی سی کا کہنا ہےکہ ٹرافی دینے کا پروٹوکول مکمل طور پر طے تھا، ٹرافی فاتح بھارتی ٹیم کو دینے کے لیے دستیاب تھی، بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ خود کیا، صرف وصولی کا انتظار ہے۔بھارتی ٹیم کے اس طرز عمل کے بعد محسن نقوی نے اپنے پرانے اصولی مؤقف کے تحت ٹرافی اپنے پاس رکھ لی۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی اپنے مؤقف سے پہلے بھی ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے تھے اور آج بھی اپنے اسی مؤقف پر قائم ہیں، جس کے تحت کرکٹ کے معاملات کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھتے ہوئے کھیل اور اس کی روایات کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔کرکٹ کے حلقوں میں بھارتی ٹیم کے اس رویے کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے حوالے سے بھی تنقید کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ویمنز ٹیم کا یہ طرز عمل ایک سال کے دوران دوسری مرتبہ سامنے آیا ہے، جب کسی بڑے کرکٹ ایونٹ میں فاتح بھارتی ٹیم نے ٹرافی دینے والے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین سے ٹرافی وصول کرنے سے گریز کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ سال کی بھارتی ٹیم کی ٹرافی بھی اب تک دستیاب ہے اور صرف اس کی وصولی کا انتظار ہے۔اے سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے اس فیصلے کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور کرکٹ کو کھیل ہی کے طور پر آگے بڑھانے کی پالیسی برقرار ہے۔

جواب دیں

Back to top button