
کوئٹہ: چمن پھاٹک کے قریب دھماکہ، ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں، ایمرجنسی نافذ
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والی مسافر ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں جبکہ ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریلوے ٹریک کے قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ ٹرین کی الٹی ہوئی بوگیاں بھی واضح طور پر نظر آ رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور دھماکے کی وجوہات سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں جبکہ سکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات میں مصروف ہیں۔
عینی شاہد عرفان خان کے مطابق دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز شہر کے مختلف علاقوں تک سنی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے فوری بعد ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اُلٹ گئیں اور ان میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے ایک بوگی مکمل طور پر متاثر ہوئی۔
دھماکے کے باعث ریلوے ٹریک کے اطراف موجود بعض گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ کے مختلف ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔







